وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی نائب صدر و امام جمعہ علامہ علی حسنین حسینی نے اتحاد بین المسلمین پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہفتہ وحدت مسلمانوں کے درمیان اتحاد بین المسلمین کے فروغ کا بہترین موقع ہے۔ 12 سے 17 ربیع الاول کے دوران پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآل وسلم کی ولادت کے جشن میں تمام مسلمان اتحاد کا مظاہرہ کریں۔ اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین اتحاد بین المسلمین کی علمبردار جماعت ہے۔ ہم روز اول سے پاکستان میں اتحاد کے ذریعے نفرتوں کو ختم کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ اتحاد بین المسلمین ہمارے بنیادی مقاصد میں سے ایک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیغمبر اسلام (ص) سے محبت و عقیدت ہمارے لئے وحدت کا مرکز ہے۔ ہمیں ان کی سیرت پر عمل پیرا ہوکر اپنے مسلمان بھائیوں سے حسن سلوک سے پیش آنا چاہئے۔ دوسروں کو اپنانے اور اتفاق کے فروغ سے ہی مستقبل بہتری کی طرف جائے گی۔ ہماری یکجہتی ہی ہماری بڑی قوت ہے۔ ہمارا اتحاد ہمیں اور ہمارے ملک کو مضبوط بنائے گا۔ انکا کہنا تھا کہ ماہ ربیع الاول پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کا مہینہ ہے۔ جس میں12 سے 17 ربیع الاول کے درمیان دنوں کو ہفتہ وحدت کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ تمام محبان رسول کو چاہئے کہ اس مہینے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے آخری نبی کے پیغام کو فروغ دے اور ایک دوسرے کو گلے لگائیں۔ ایک دوسرے کے احترام کے ذریعے غلط فہمیوں کو دور کیا جا سکتا ہے۔
ہفتہ وحدت مسلمانوں کے درمیان اتحاد بین المسلمین کے فروغ کا بہترین موقع ہے،علامہ علی حسنین حسینی