وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کوئٹہ کے میڈیا سیل سے جاری کردہ بیان کے مطابق گزشتہ روزایم ڈبلیوایم کے مرکزی رہنما علامہ سید ہاشم موسوی کی قیادت میں مجلس وحدت مسلمین کے وفد نے ارباب عبدالظاہر کے خاندان سے اظہار ہمدردی اور یکجہتی کیلئے ارباب ہاؤس کا دورہ کیا ۔وفد میں ممبرصوبائی اسمبلی سید محمد رضا ،علامہ ولایت حسین جعفری اور مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے سیکرٹری جنرل سید عباس علی موسوی اور دیگر عہدیداران شامل تھے۔علامہ سید ہاشم موسوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں صدیوں سے رہنے والے برادر اقوام اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے لوگ امن اور بھائی چارے سے رہ رہے ہیں لیکن ایک منظم سازش کے تحت کوئٹہ کے مثالی امن اور بھائی چارے کی فضاء کو خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس کی وجہ سے کاروبار،تعلیم،ملازم پیشہ افراد اور دیگر تمام طبقے کے لوگ متاثر ہو رہے ہیں اور عوام میں شدید عدم تحفظ اور مایوسی پائی جاتی ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ دن دہاڈے بھرے بازار سے جہاں پیدل چلنا مشکل ہے وہاں اغواء کاروں کا کاروائی کر کے نکل جانا تمام سیکورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے جسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔آخر میں انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ارباب عبدالظاہر کاسی کو باحفاظت فی الفور بازیاب کیا جائے اور مزید اس قسم کے واقعات کے تدارک کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔