وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے مدرسہ خاتم النبیین ﷺ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماہ مبارک رمضان، اللہ کا مہینہ ہے جو اپنی رحمتیں اور برکتیں لے کر آرہا ہے۔ روزہ دار اللہ تعالی کا مہمان ہے جس کا سونا عبادت اور سانس لینا تسبیح کے برابر ہے۔ رسول اسلام ﷺ نے اپنے خطبہ میں اس مبارک مہینے کے فضائل بیان کئے اور فرمایا بد بخت ہے وہ انسان جو اس عظیم مہینے میں مغفرت الہی سے محروم رہا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا۔ مجلس وحدت مسلمین نے دہشت گردی کے خلاف عوام کی ترجمانی کا حق ادا کیا۔ اب جبکہ آپریشن شروع ہوچکا ہے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ طالبان کی طرح لشکر جھنگوی کے دہشت گردوں کے خلاف بھی ملک گیر آپریشن شروع کیا جائے۔ بلوچستان میں کالعدم سپاہ صحابہ نے ملت جعفریہ کے خلاف میڈیا ٹرائل شروع کیا ہے جسے مکمل طور پر ریاستی اداروں کی پشت پناہی حاصل ہے۔ امریکہ اور عرب شہزادوں کو خوش کرنے کے لئے فرقہ واریت کی آگ بھڑکانے والے ملک و ملت کے خیر خواہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم یہ سوال پوچھنے کا حق رکھتی ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن پر شور مچانے والے معصوم انسانوں کے قتل عام پر کیوں خاموش رہے۔ دہشت گردوں کے ترجمان اور ہمدرد انہیں معصوم انسانوں کا خون بہانے سے روکیں۔