وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا نے گذشتہ شب صدائے رمضان مقابلہ منقبت اور نعت خوانی میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ آج کی اس پُرنور محفل میں اپنی موجودگی سے بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں اور اس پروگرام کے منتظمین کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ اُنہوں نے مجھے موقع دیا کہ میں اس پُرنور محفل سے فیض یاب ہو سکوں۔ اُنہوں نے کہا کہ آج جو ٹیلینٹ میں اپنے نوجوانوں میں دیکھ رہا ہوں، اس سے مجھے بہت خوشی ہوئی ہے کہ ہمارے پاس کوئی اکیڈمی نہ ہونے کے باوجود جہاں جوانوں کو نعت خوانی اور منقبت خوانی کی باقاعدہ تربیت دی جا سکے۔ ہمارے نوجوانوں نے جس طرح منقبت اور نعت پیش کی ہے انکی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ ہمارے جوانوں کی صلاحیتیں قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے پروگرامز کے انعقاد سے نوجوانوں میں چُھپی صلاحیتوں کو سامنے لانے میں مدد ملے گی۔ اگر اس طرح کے پروگرامات کا انعقاد ہمیشہ ہوتا رہے تو ہمارے نوجوان نعت خوانی اور منقبت خوانی کے میدان میں ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کرینگے۔ موجودہ دور میں بجائے اس کے کہ ہمارے نوجوان گلی محلوں میں غیر اخلاقی کاموں کی طرف متوجہ ہو، اس طرح کی مثبت سرگرمیوں سے نوجوان نسل کو بُرائیوں سے دور رکھتے ہوئے معاشرے کے کار آمد افراد کے طور پر زندگی گزارنے کی طرف رہنمائی کی جا سکتی ہے۔ پروگرام کے آخر میں ایم پی اے سید محمد رضا نے پروگرام کے منتظمین کیلئے ایک پروفیشنل کیمرہ اور اسی ہزار روپے، جبکہ مقابلے میں پہلی چار پوزیشن حاصل کرنے والوں کیلئے پی ایچ ڈی تک تمام تعلیمی اخراجات اور مقابلے کے ججز کیلئے کربلا کی زیارت کیلئے ریڑرن ٹکٹ کا اعلان کیا۔