وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں ایم ڈبلیوایم کے مرکزی رہنما علام ہاشم موسوی کوئٹہ کے سیکریٹری جنرل محمد عباس موسوی اور علامہ ولایت جعفری نے کہا ہے کہ محرم الحرام کا مہینہ پوری انسانیت کیلئے امن کا پیغام لیکر میدان کربلا میں حضر ت امام حسین (ع) کی اُس عظیم قربانی کی یاد دلاتی ہے، جب نواسہ رسول (ص) نے اپنے سارے کنبے کو قربان کرکے اسلام اور انسانیت کو رہتی دنیا تک سرخرو اور کامیاب کر دیا۔ یہ مہینہ جہاں پوری انسانیت کیلئے امن اور بھائی چارے کا پیغام لے کر آتا ہے، وہاں ہر شخص کو ظلم اور ناانصافی کے خلاف اُٹھ کھڑے ہونے کا درس دیتی ہے کیونکہ امام عالی مقام نے وقت کے فرعون یزید کے خلاف اُس وقت صدائے احتجاج بلند کی جب یزید اپنی طاقت کے نشے میں گُم دین اسلام کی بنیادوں کو کمزور کرنے کے مضموم ترین کام میں مصروف تھا لیکن نواسہ رسول (ص) نے اپنے نانا کے دین کی حفاظت کیلئے میدان کربلا میں آئے اور یزیدیت کو ایسی شکست دی کہ جس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔ جس نے پوری انسانیت میں ایک انقلاب برپا کیا۔ جس نے ہرانسان کو ظالم کے خلاف اور مظلوم کی حمایت میں اُٹھ کھڑے ہونے کا درس دیا۔
انہوں نے مذید کہا کہ ملت تشیع سے تعلق رکھنے والی ہزارہ قوم کے مسلسل قتل عام کو شیعہ نسل کُشی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا گیا کہ حکومت معصوم انسانوں کے قتل عام میں ملوث دہشتگردوں کے خلاف صرف بیانات کی حد تک محدود ہے جبکہ عملی طور پر اُن کے خلاف کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی۔ جس کی وجہ سے آئے روز معصوم انسانوں کا خون بہایا جا رہا ہے۔ حکومت اور ریاستی ادارے اس سارے معاملے میں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ ہر واقعے کے بعد میڈیا کے سامنے اپنی ناکامی چھپانے کی ناکام کوشش کرتے نظر آتے ہیں، جو انتہائی شرمناک ہے۔آخر میں ان کا کہنا تھاکہ شہر میں موجود انتہا پسندی اور دہشتگردی کے ناسور پر قابو پانے کیلئے عوام کو اپنے درمیان اخوت اور بھائی چارے کی فضاء کے فروغ کیلئے کام کرنا ہوگا تاکہ شہر کو دہشتگردی اور نفرتوں سے پاک کیا جا سکے۔ بیان کے آخر میں شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دُعا کی گئی۔