وحدت نیوز (کوئٹہ) وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبد المالک بلوچ کے سربراہی میں امام بارگاہ ولی عصر ہزارہ ٹاؤن میں فاتحہ کیلئے آئے ہوئے حکومتی وفد کی موجودگی میں ایم ڈبلیوایم کے رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا کا کہنا تھا کہ مٹھی بھر دہشت گرد گروہ قتل و غارت میں ملوث ہے حکومت کچھ نہیں کر رہی، ہمیں مزید کتنی لاشیں اٹھانی ہونگی۔وزیراعظم نواز شریف واضح کریں کہ وہ دہشتگردوں کیساتھ ہیں یا پاکستان کیساتھ، سید محمد رضا نے کہا ہے کہ گذشتہ دو دہائیوں سے بےگناہ افراد کو قتل کیا جا رہا ہے اور اسے بعد میں فرقہ واریت کا نام دیا جاتا ہے، جو کہ سراسر غلط ہے۔ اس ملک میں شیعہ سنی بھائی کی طرح زندگی گزار رہے ہیں لیکن مٹھی بھر دہشت گرد گروہ قتل غارت میں ملوث ہے۔ حکومت کچھ نہیں کر رہی، ہمیں مزید کتنی لاشیں اٹھانی ہونگی۔ ہم صدیوں سے آباد اس شہر میں پُرامن طریقے سے رہ رہے ہیں۔ آج تک ہماری طرف سے ایک پتھر نہیں پھینکا گیا لیکن مٹھی بھر دہشتگردوں نے پورے ملک کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کو اپنا موقف واضح کرنا چاہیئے کہ وہ دہشتگردوں کے ساتھ ہیں یا وطن عزیز کے ساتھ۔؟ جبکہ حکومت کو اپنی پالیسی واضح کرنی چاہیئے کہ آیا ہم پاکستانی ہیں یا نہیں۔؟ قتل ہمیں کیا جا رہا ہے، پاسپورٹ اور شناختی کارڈ ہمارے لوگوں کو نہیں دیا جا رہا بلکہ اذیت کی جاتی ہے اور بار بار دفتروں کا چکر لگوایا جاتا ہے۔ آخر میں وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر مالک بلوچ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بڑا دکھ ہوا کہ بےگناہ اور معصوم سبزی فروشوں کو شہید کیا گیا۔ حکومت 48 گھنٹوں میں ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائے گی اور جلد اپنی رپورٹ آپ تمام ہزارہ اکابرین کو پیش کریگی۔ علاوہ ازیں محرم الحرام کے سلسلے میں آپ سے مکمل طور پر تعاون کیا جائیگا۔