وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویزن کے میڈیا سیل سے جاری شدہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پانامہ لیکس کے انکشافات حقیقات پر مبنی ہیں۔ ہمارے ملک میں کرپشن اور بدعنوانی اس لئے بڑھی کہ کسی نے بھی آئین اور قانون کی پابندی نہیں کی۔ پانامہ لیکس اسکینڈل میں جو بھی ملوث ہیں اُن کو عوام کے سامنے جوابدہ ہونا چاہئے، جب تک ملک میں آئین اور قانون کی پاسداری نہیں کی جاتی اُس وقت کسی کا احتساب کرنا مشکل ہے، ملک اس لئے بحرانوں سے دوچار ہے۔ یہاں جب تک کوئی بھی کرپشن یابدعنوانی میں ملوث ہوتاہے تو وہ اپنی سرمایہ کاری کسی اور ملک منتقل کرکے پھر اُس کو صاف و شفاف قرار دیئے ہیں، وزیر اعظم ایک با اختیار کمیشن بنائیں۔ میاں نواز شریف اپنے بچوں کے ساتھ کمیشن میں پیش ہوں۔ پانامہ لیکس پر جیو ڈیشل کمیشن بنانے کی ضرورت نہیں ہے۔ انکشافات کی تحقیقات الیکشن کمیشن، ایف آئی اے، نیب اور ایف بی آر کو کرنی چاہئے۔ چیف جسٹس آف پاکستان اس معاملہ پر از خود نوٹس لیں۔ ہمارے حکمران، سیاستدان اور اشرافیہ احتساب سے ماورا ہیں، ان کا جوڈیشل کمیشن سے کچھ نہیں بگڑے گا۔ ہمارے ملک کو دہشت گردی اور بہت سے دیگر مسائل کا سامنا ہے، لیکن ہمارے حکمران اور اشرافیہ فرضی کمپنیوں کے ذریعے سمندر پار دولت کےَ انبار رکھتی ہے۔ یہ تمام افراد پاکستان کے با اثر خاندان ہیں، یہ خاندان پاکستان کے مختلف جماعتوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ اوریہ وہ کمزوری ہے، جس کی وجہ سے پاکستان میں کرپشن اور منی لانڈرنگ کے کسی مقدمے کا فیصلہ نہیں ہوتا، کیونکہ ملک کی ہر حکومت اور اپوزیشن کے ڈانڈے پانامہ کی اس فرم سے جاکر ملتے ہیں۔ ملک میں مقدمہ بنانے، تحقیقات کرنے اور فیصلہ کرنے والے بھی اس فرم کے کلائنٹ ہیں۔ یہ تمام لوگ ایک خاص مقام پر ایک ہو جاتے ہیں، یہ ایک دوسرے کے مفادات کا خیال رکھتے ہیں۔ یہ بہت سنگین معاملہ ہے اس میں ملک کے وزیر اعظم کا نام اتنے بڑے اسکینڈل میں آیا ہے، لہذا اس معاملے کو صاف کرنے، شفاف بنانے اور پوری قوم کا اعتماد بحال کرنے کے لئے سخت تحقیقات اور احتساب کی ضرورت ہے۔