وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری تعلیم انجینئر اسلم نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایس سی او کی جانب سے سکول ٹائم پر کھیلوں کا انعقاد قابل مذمت ہے، اس عمل سے طلباء کی تعلیم متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن کی ناقص سروس کی وجہ سے انٹرنیٹ صارفین ذہنی مریض بن چکے ہیں اور انہیں اس چیز کی کوئی فکر نہیں، انہیں کھیل کود سے کوئی فرصت نہیں کہ وہ اپنی سروس کو بہتر کرے۔ اگر ایس سی او بلتستان میں اپنی سروسز کو بہتر انداز میں فراہم نہیں کر سکتی تو انہیں یہ کام ترک کے کسی ایسے ادارے کو دینا چاہیے جو بہتر سروسز دے سکیں۔ ایس سی او کے اس عمل سے آرمی کی کارکردگی پر سوالات اٹھتے ہیں جو کہ افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمانڈر ایف سی این اے ایس سی او کی ناقص کاکردگی کا نوٹس لیں اور اس قومی ادارہ کی ساکھ کو بہتر بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ کہ ایس سی او کی جانب سے صحت بخش تفریحی پروگرامات کا انعقاد خوش آئند ہے لیکن اس عمل سے طالب علم کی تعلیم متاثر نہ ہو۔ ایس سی او کے مسؤلین کو چاہیے کہ وہ ادارہ کی کارکردگی بہتر بنائے اور اس کام سے فراغت کے بعد قوم کو کھیل کی سہولیات فراہم کرے۔ پاک آرمی نے ایس سی او کھیل تماشوں کے انعقاد کا کام نہیں دیا بلکہ کمیونیکشن کی سہولتیں دینے کی ذمہ داری سونپی ہے۔