وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین بلتستان کے سربراہ اور کارکنان کی بڑی تعداد علامہ شہید عارف حسین الحسینی کی برسی میں شرکت کے لیے اسلام آباد رونہ ہوگئے، جہاں سات اگست کو شہید عارف حسین الحسینی کی اٹھائیسویں برسی کی مناسبت سے تحفظ پاکستان کانفرنس کا انعقاد ہوگا، جس میں ملک بھر سے علماء، زعماء اور کارکنان کی بڑی تعداد شریک ہوگی۔ مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے اپنے مطالبات کے حق میں اڑھائی ماہ سے بلتستان میں بھی یادگار شہداء اسکردو پر احتجاجی دھرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ آغا علی رضوی کی اسلام آباد روانگی کے بعد بلتستان میں جاری دھرنے کو معروف عالم دین شیخ حسن جوہری، شیخ مبارک علی عارفی اور شیخ غلام حسن عابدی نے سنبھال لیا ہے۔ یادگار شہدا اسکردو پر دھرنا مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا۔ آج اس سلسلے جاری احتجاجی دھرنے سے شیخ مبارک عارفی اور شیخ غلام حسن عابدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلتستان میں جاری احتجاجی دھرنا مرکزی دھرنے کے ساتھ ہی ختم ہوگا اور مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا۔