وحدت نیوز(اسلام آباد) بلتستان کے معروف عالم دین علامہ شیخ حسن جوہری نے کہا ہے کہ وزیراعلٰی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن بلتستان کے پرامن اور اتحاد بین المسلمین کے داعی علمائے کرام کی، تذلیل و توہین کرنا بند کریں اور اس بات کی وضاحت کریں کہ لاشوں اور قبروں کی سیاست کرنے والے علماء کون ہیں؟ اگر انہوں نے امن کے داعی علمائے کرام کے خلاف زبان بند نہ کی تو ان کو سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ بلتستان کے علمائے کرام نے لاشیں اٹھانے کے باوجود امن کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا اور ہمیشہ لوگوں کو امن کی تلقین کی۔ لیکن وزیراعلٰی حافظ حفیظ الرحمٰن امن کے قیام میں کردار ادا کرنے والے علمائے کرام کی تضحیک کر رہے ہیں، بتایا جائے کہ کس عالم نے لاشوں اور قبروں پر سیاست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون دھاندلی کے ذریعے اقتدار میں آئی ہے، یہ غنڈہ گردوں اور انتہاء پسندوں کی جماعت ہے۔ ہم یہ بڑے وثوق سے کہتے ہیں کہ حفیظ الرحمٰن بلتستان کے ساتھ ہرگز مخلص نہیں ہیں۔ وہ سابقہ ادوار کے ترقیاتی منصوبوں پر تختیاں لگانے کیلئے اس وقت اسکردو میں موجود ہیں اور دن میں کم سے کم چار یا پانچ ترقیاتی منصوبوں پر تختیاں لگا رہے ہیں اور سابق حکومتوں کے ترقیاتی منصوبوں کا کریڈیٹ خود لینے کی کوشش کر رہے ہیں۔