وحدت نیوز(گلگت) پولیس فورس میں ریکروٹمنٹ لسٹ میں بڑے پیمانے پر رد وبدل کی گئی۔ایسا لگ رہا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے احکامات کے آگے ادارے بے بس ہوچکے ہیں۔پولیس فورس میں حالیہ بھرتیوں میں میرٹ کی دھجیاں اڑائی گئیں ،لیگی کارکنوں نے گن پوائنٹ پر من مانی بھرتیاں کروائیں۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کےسیکریٹری امور سیاسیات غلام عباس نے کہا ہے کہ علاقے کے غریب اور بے سہارا افرادکو میرٹ پر آنے کے باوجود حق ملازمت سے محروم کردیا گیا اور وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کے احکامات کے آگے پولیس فورس بے بس ہوگئی ۔ایسے کئی افراد کو بھی ریکروٹ کردیا گیا ہے جو فزیکل ٹیسٹ میں ناکام ہوئے تھے۔اقتدار اور اختیار کا غلط استعمال حکمرانوں کے گلے کی ہڈی بن جائیگی ،میرٹ کو پامال کرکے مستحق افراد کو ملازمت سے محروم کرنا ریاست سے غداری کے مترادف ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے غیر قانونی احکامات کے آگے سرتسلیم خم ہوکر اداروں نے اپنا وقار کھودیا ہے اور اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو علاقے میں نفرت اور انارکی پھیلے گی ۔وہ لوگ جو چور دروازوں سے پولیس فورس میں بھرتی ہوجاتے ہیں کیا ہم ان سے یہ توقع رکھ سکتے ہیں کہ وہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے؟کرپشن کے خلاف محض اشتہارات چھاپنے سے اداروں میں کرپشن ختم نہیں ہوگی اور اسی کرپشن کی وجہ سے ساری دنیا میں گرین پاسپورٹ بدنامی سے دوچارہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اپنے اختیارات سے تجاوز کرکے اپنے زوال کیلئے خود ہی گھڑا کھود رہے ہیں اور بہت جلد لیگی حکومت کے زوال کے دن شروع ہونگے۔انہوں نے ریاستی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر قانونی طور پر پولیس فورس میں ہونے والی بے ضابطگیوں کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ان تمام افراد کے اپوائنمنٹ آرڈر کینسل کروئیں اور حق داروں کو انصاف فراہم کریں بصورت دیگر حکومت گرائو تحریک کا آغاز کیا جائیگا۔