وحدت نیوز (گلگت) ضلع نگر کیلئے مختص پولیس فورس میں بھرتیاں میرٹ پر ہوئی ہیں لہٰذا بلاتاخیر میرٹ پر آنے والے افراد کو اپائنمنٹ لیٹر جاری کیا جائے۔ضلع نگر کے حوالے سے نہ تو کسی نے کورٹ میں کیس دائر کیا ہے اور نہ ہی کسی کو کوئی شکایت ہے البتہ ضلع گلگت کیلئے اپنے من پسند افراد کو بھرتی کرنے کیلئے حکومت نے میرٹ کی دھجیاں بکھیر دی ہیں۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے رہنما شبیر حسین نے کہاہے کہ گلگت سمیت چند اضلاع میں حکومتی دبائو پر میرٹ لسٹ کو تبدیل کیا گیا اور اہل افراد کو دیوار سے لگادیا گیا جو اپنی نوعیت کی بدترین ناانصافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع گلگت میں میرٹ کی دھجیاں اڑانے کی سزا ضلع نگر کے میرٹ پر اترنے والے افراد کو کیوں دی جارہی ہے۔حکومت کی اس ناانصافی پر ضلع نگر سے میرٹ پر اترنے والے امیدوارذہنی اذیت میں مبتلا ہوچکے ہیں ،نوزائیدہ ضلع میں پہلے ہی پولیس نفری کی کمی پائی جاتی ہے اس کمی کی پورا کرنے کیلئے فوری طور پر کامیاب امیدواروں کو اپائنمنٹ لیٹر جاری کیا جائے اور ٹیسٹ انٹرویو میں سلیکٹ ہونے والے امیدواروں کی بے چینی کو دور کیا جائے۔
انہوں نے آئی جی پولیس سے اپیل کی ہے کہ وہ ضلع نگر کے ٹیسٹ انٹرویو کو کوالیفائی کرنے والے امیدواروں کو انصاف فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ یہ نوجوان بھی قوم کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔