وحدت نیوز(گلگت) خیر العمل ویلفیئر اینڈ ڈویلپمنٹ ٹرسٹ کی گرانبہا خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔اسلامی اصولوں پر مبنی فلاحی معاشرے کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے۔بد قسمتی سے ہماری حکومتیں بے آسراخاندانوں کی کفالت کے بجائے کرپشن اور اقربا پروری کو پروان چڑھارہی ہے۔خیر العمل ویلفیئر اینڈ ڈویلپمنٹ ٹرسٹ کی جانب سے عشرہ ایتام کے حوالے سے وحدت ہائوس گلگت میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت کے رہنما و رکن قانون ساز اسمبلی حاجی رضوان علی نے ادارے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے مزید توسیع دینے کی سفارش کی ۔
انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک ہمیں ایثار و قربانی کا درس دیتا ہے اور اس مہینے سے استفادہ کرتے ہوئے دکھی انسانیت کی خدمت اور بے سہارا افراد کو اپنی خوشیوں میںشامل کرکے خدا کی خوشنودی حاصل کا بہترین ذریعہ ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت کے رہنما بختاور خان نے یتیم خاندانوں کی کفالت کو قرب خداوندی کا بہترین وسیلہ قرار دیااور مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ اس کارخیر میں زیادہ سے زیادہ حصہ ڈال کر معاشرے سے غربت و افلاس اور درماندگی کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری سیاسیات غلام عباس نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہمارے پیش نظر صرف سیاست ہی نہیں بلکہ ہم معاشرے کی ہرسطح پر تربیت کے ذریعے اسے درست سمت دینا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت معاشرے کی اصلاح نہ ہونے کی وجہ سے ملک پر کرپٹ حکمرانوں کا اقتدار قائم ہے جو اپنی دولت کے بل بوتے پر غریبوں کے ضمیر کے سودے کرتے ہیں۔انشاء اللہ وہ دن ضرور آئے گا کہ لوگ دولت کے انبار سے منہ موڑ کر سچائی اور حقیقت کے متلاشی بن جائینگے۔