وحدت نیوز(گلگت) آئی ایس او کی امریکہ مخالف ریلی پرسندھ پولیس کے لاٹھی چارج سے ایسا لگ رہا ہے کہ حکمران پاکستان سے زیادہ امریکہ کے خیر خواہ ہیں۔امریکی صدر کی پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی اور بے بنیاد الزامات پر خاموشی اختیار کرکے حکمرانوںنے پوری دنیا میں پاکستان کے وقار کو دائو پر لگادیا ہے۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ امریکی ڈالر سے پیٹ بھرنے والے حکمرانوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان مخالف بیانات پر پر چپ سادھ لی ہے اور محب وطن عوام کے احتجاج کو سبوتاژ کرکے امریکیوں کو پیغام دے رہے کہ خطے میں امریکی مفادات کو کوئی خطرہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کی غلط پالیسیوں کے خلاف خود واشنگٹن میں احتجاج ہورہا ہے اور امریکی پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال نہیں کیا ہے جبکہ پاکستان میں امریکہ مخالف ریلی اور امریکی قونصلیٹ میں یادداشت جمع کرانے پر پابندی لگاکر سندھ حکومت نے شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ان کرپٹ حکمرانوں نے پاکستان سے لوٹی ہوئی دولت کو امریکہ اور امریکی زیر اثر ممالک میں محفوظ کیا ہوا ہے اور ملک سے لوٹی ہوئی دولت کو چھپانے کی خاطر امریکی پالیسیوں کے خلاف بولنے والوں کے خلاف ریاستی مشینری کا بے دریغ استعمال کرکے خاموش کروانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے بزدل حکمرانوں کو قطعاً حق حکمرانی حاصل نہیں جنہیں اپنے ملک سے زیادہ امریکی مفادات عزیز ہیں۔ایک عرصے سے یہ امریکی غلام اقتدار پر براجمان ہیں اور اب وقت آگیا ہے کہ عوام ان حکمران جماعتوں کے اصل چہرے پر سے نقاب الٹ دیں اور اپنے ووٹ کی طاقت سے انہیں ذلیل و رسوا کریں۔ا نہوں نے گرفتار مظاہرین کی فوری رہائی اورطلباء پر تشدد کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف تادیبی کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔