وحدت (گلگت) مجلس وحدت مسلمین ٹیکس کے ایشو پر عوامی ایکشن کمیٹی اور انجمن تاجران کی ہڑتال کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ آئینی حقوق کے بغیر ٹیکس لگانا انتہائی زیادتی ہے حکومت وزیروں اور مشیروں کی ایک فوج بھرتی کرکے ان کی عیاشیوں کیلئے غریبوں کو لوٹنا چاہتی ہے جو کہ ناقابل برداشت ہے۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ جب تک گلگت بلتستان کو ملک کا آئینی پانچواں صوبہ نہیں بنایا جاتا تب تلک گلگت بلتستان کے عوام کسی قسم کا ٹیکس ادا کرنے کے پابند نہیں۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ستر سال سے گلگت بلتستان کے عوام کا استحصال کیا ہے ۔پیپلز پارٹی نے اپنے دور اقتدار میں عوام پر غیر قانونی اور جبری ٹیکس نافذ کیا اور پانچ سال بعد عوام نے جس طرح پیپلز پارٹی کو مسترد کیا اس سے نواز لیگ سبق سیکھ لے۔یاد رکھو اقتدار نے کسی کے ساتھ وفا نہیں کیا ہے جس کسی نے بھی عوامی حقوق پر ڈاکہ ڈالا ان کا حشر انتہائی بھیانک ہوتا ہے۔پیپلز پارٹی نے گندم سبسڈی ختم کرنے کی کوشش کی اور عوام نے الیکشن میں اس کا پورا حساب چکادیا۔اب نواز لیگ کے گھنائونے چہروں سے نقاب الٹ رہے ہیں اور پانچ سال بعد ان کا حشر پیپلز پارٹی سے بھی بھیانک ہوگا۔
انہوں نے سئی جگلوٹ میں جنگل کی کٹائی پر لوگوں کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں سرکاری ملازمتیں حکمران اپنے منظور نظر افراد کو دے رہے ہیں اور کوئی پرائیویٹ سیکٹر نہ ہونے کی وجہ سے لوگ مالی بدحالی کا شکار ہوچکے ہیں۔حکومت پہلے ان غریب لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع فراہم کرے تاکہ غریب عوام بھی سکھ کا سانس لے سکیں۔