وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے بلتستان سیکرٹریٹ میں ایم ڈبلیو ایم جی بی کے سیکریٹری جنرل آغا علی رضوی کی والدہ ماجدہ کی رحلت کے موقع پر ایک تعزیتی اجلاس اور فاتحہ خوانی کا انعقاد کیا گیا، جس میں کثیر تعداد میں تنظیمی کارکنان اور علماء نے شرکت کی۔ تعزیتی اجلاس میں عوامی حقوق کے محافظ، وحدت و اتحاد کے علمبردار، پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کے محافظ ، مخلص عوامی لیڈر، ایم ڈبلیو ایم جی بی کے سیکریٹری جنرل اور عوامی ایکشن کمیٹی بلتستان کے چیئرمین آغا علی رضوی کی والدہ ماجدہ کی رحلت پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔ تعزیتی اجلاس میں مرحومہ مغفورہ کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ مجلس وحدت مسلمین جی بی کے سربراہ کو انکی والدہ ماجدہ کی رحلت پر دل کی گہرائیوں سے تعزیت و تسلیم پیش کرتے ہیں۔ غم کی اس گھڑی میں ایم ڈبلیو ایم کے کارکنان اور گلگت بلتستان کا ہر فرد آغا علی رضوی کے غم میں برابر کے شریک ہے۔ انہیں اس دکھ کے موقع پر حوصلہ رکھنے اور صبر کی تلقین کرتے ہیں۔ اجلاس کے آخر میں لواحقین کے صبر اور مرحومہ کی مغفرت و درجات کی بلندی کے لئے دعا کی گئی۔