خوشحال گلگت بلتستان ہی خوشحال پاکستان کا ضامن بن سکتا ہے،ایم ڈبلیوایم کےتحت سکردومیں یوم پاکستان کانفرنس میں مقررین کا خطاب

26 March 2018

وحدت نیوز (سکردو)  یوم پاکستان کی مناسبت سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کی جانب سے عظیم الشان یوم پاکستان کانفرنس پی ٹی ڈی سی کے ٹو موٹل اسکردو میں ہوئی۔ یوم پاکستان کانفرنس میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماوں کے علاوہ علماء، زعماء اور عمائدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ یوم پاکستان کانفرنس سے اسماعیلی مکتب فکر لوکل کونسل کے صدر رحمت علی، پاکستان تحریک انصاف کی رہنماء آمنہ انصاری، عوامی ایکشن کمیٹی کے محمد علی دلشاد، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء عبداللہ حیدری، ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ شیخ احمد نوری، فدا حسین، صحافی برادری سے عالم نور، انجمن تاجران بلتستان کے صدر غلام حسین اطہر اور مجلس وحدت کے صوبائی سربراہ آغا علی رضوی نے خطاب کیا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ یوم پاکستان کے منانے کا مقصد شہداء سے تجدید عہد کرنا اور ملکی سلامتی و استحکام کے لئے جدوجہد کرنے کا عزم کرنا ہے۔ جی بی کے عوام نے یہاں پر موجود ڈوگرہ راج کو اسلامی نظریہ حیات کی وجہ سے مار بھگایا اور سبز ہلالی پرچم کے نیچے زندگی گزارنے اور آزادی کی فضاء میں سانس لینے کو فخر جانا۔ پاکستان میں سب سے سے زیادہ محب وطن یہاں کے عوام ہیں اور کبھی یہاں کے عوام نے ریاست کو نقصان پہنچانے کی کوشش نہیں کی، بلکہ وطن عزیز کے دفاع میں یہاں سے سپوت سینہ سپر ہیں چاہے وہ معرکہ کرگل ہو یا دہشتگردوں کے خلاف آپریشن۔ جی بی کا بچہ بچہ محب وطن ہے اور پاکستان کی سلامتی کا ضامن ہے۔

مقررین نے کہا کہ صوبائی حکومت اور انتظامیہ یہاں کے حساس ایشوز کو چھیڑ کر خطے میں بے چینی پھیلانے کی کوشش کر رہی ہے، جس سے ملک دشمنوں کے ایجنڈے کو تقویت ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب سے سی پیک یہاں سے گزارنے کا فیصلہ ہوا ہے کبھی گندم سبسڈی کو چھیڑ کر عوام اور خطے میں بے چینی پھیلانے کی کوشش کی جاتی ہے، کبھی یہاں غیر قانونی ٹیکس عائد کیا جاتا ہے، کبھی فورتھ شیڈول کے ذریعے یہاں کے محب وطن عوام کے جذبہ حب الوطنی کو مشکوک کرنے کی کوشش کی جاتی ہے اور اب خالصہ سرکار کے نام پر عوامی اراضی پر قبضہ کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔ مقررین نے کہا کہ سیاسی جماعتوں اور وفاقی حکومتوں سے یہاں کے عوام یکسر مایوس ہو چکے ہیں پاک افواج کے سربراہ، سپریم کورٹ کے سربراہ اور ریاستی ادارے گلگت بلتستان کی محرومیوں اور عوام پر جاری مظالم کا نوٹس لیں۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ سی پیک میں گلگت بلتستان کو بھرپور حصہ دیا جائے سی پیک جیسے اہم پروجیکٹ میں جی بی کو محروم رکھنا لمحہ فکریہ ہے۔ جی بی کی ترقی و خوشحالی پاکستان کی خوشحالی کا باعث بن سکتی ہے۔

یوم پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ جی بی کی ایک ایک انچ اراضی عوام ہے اور کسی صورت عوامی اراضی پر قبضہ کرنے نہیں دیں گے۔ انتظامیہ حساس خطے میں بے چینی پھیلانے سے باز رہے۔ تمام مکاتب فکر مل کر گلگت بلتستان اور پاکستان کی تعمیر و ترقی میں حصہ لیتے رہیں اور پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے صف اول کا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم جی بی کے سربراہ آغا علی رضوی نے کہا ہے کہ پاکستان کی حفاظت و سلامتی کے لیے صف اول کردار ادا کرتے رہیں گے اور عوامی حقوق کی جدوجہد ہر صورت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم آج آزادی کی فضاو ں میں سانس لے رہے ہیں تو یہ پاکستان کی وجہ سے ہے اور پاکستان خدا کی طرف سے ایک عظم نعمت ہے۔ اس ملک میں مودی کے یاروں کو کوئی جگہ نہیں۔ جی بی کے عوام کی حب الوطنی مشکوک قرار دینے والے اصل میں ملک کے غدار ہیں۔ ہم پاکستان سے محبت کسی خوف یا لالچ میں نہیں کرتے بلکہ اسے اپنی ماں دھرتی سمجھتے ہیں، جس پر سب کچھ قربان کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ملک اس وقت جن مشکلات کا شکار ہیں، اسکی وجہ نااہل حکمرانوں کی وجہ سے ہے ورنہ یہ خطہ قدرتی اور انسانی وسائل سے مالا مال ہے۔ پاکستان کو ایٹمی طاقت نہیں بلکہ یہاں کے عوام اور خدائی طاقت محفوظ رکھ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی بی کے عوام حصول حقوق کے لیے اپنی صفوں میں اتحاد برقرار کریں اور حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree