وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے ایک اہم اجلاس اسکردو میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم جی بی کے سیکریٹری جنرل آغا علی رضوی، شیخ کریمی ،انجینئر شبیر اور دیگر عوامی ایکشن کمیٹی کے ممبران کو شیڈول فورتھ میں ڈالنے کی حکومتی کوششوں کی بھرپور مذمت کی گئی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ احمد نوری نے کہا کہ آغا علی رضوی کی آواز گلگت بلتستان کے بیس لاکھ عوام کی آواز ہے انکے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی خطے کے عوام کی توہین اور ناقابل برداشت ہے۔ صوبائی حکومت کو ہوش کے ناخن لینا چاہیے اور پرامن حقوق کی جدوجہد کرنے والوں کے خلاف کسی قسم کی کارروائی سے خطے میں پھیلنے والی بے چینی کا ذمہ دار حکومت ہوگئی۔یہ حکومت کی بھول ہے کہ ریاستی جبر کے ذریعے عوامی حقوق سے دستبردار ہوں گے۔ عوامی حقوق کی جدوجہد آخری دم تک کرتے رہیں گے۔
ایم ڈبلیو ایم کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شیڈول کا استعمال سیاسی انتقام کے طور پر ہو رہا ہے اور اس شیڈول میں پرامن عوامی حقوق کے لیے جدوجہد کرنے والوں کے علاوہ کسی بھی ملک دشمن عناصر کے خلاف استعمال نہیں کیا گیا۔ ریاستی اداروں بلخصوص حساس اداروں سے بار بار مطالبے کے باوجود شیڈول فورتھ کو سیاسی انتقام کے طور پر کیا گیا ۔ اب مزید یہ مظالم برداشت نہیں کریں گے اور ظلم کے خلاف پورے خطے میں بھرپور تحریک چلائی جائے گی۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ عوامی حقوق کے لیے جدوجہد کرنے والی شخصیات کو شیڈول فورتھ میں ڈالنے کی کوشش نہ کرے بصورت دیگر سخت احتجاج کرکے خطے سے ہی اس قانون کا خاتمہ کر کے دم لیں گے۔