وحدت نیوز(گلگت ) بلتستان کے لوگ ملک کے بلند ترین محاذ سیاچن کے محافظ ہیں ان کی حب الوطنی کو شک کی نگاہ سے دیکھنے والوں کی اپنی حب الوطنی مشکوک ہے۔جنرل امجد شعیب نے محب وطن لوگوں پر بہتان لگاکر اپنی ملک دشمنی کوعیاں کردیا ہے۔92 چینل گلگت بلتستان کے عوام سے صحافتی اقدار کو مدنظر رکھتے ہوئے موقف لیں بصورت دیگر امجد شعیب اور 92 چینل کے خلاف کیس دائر کیا جائیگا۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے امجد شعیب کے بیان پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان کے چاروں صوبوں کے عوام سے گلگت بلتستان کے عوام ملک کے زیادہ وفادار ہیں۔گلگت بلتستان کے عوام کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے ملک پاکستان کے ازلی دشمن سے یہ علاقہ بزور شمشیر آزاد کرواکر پاکستان کی جھولی میں ڈال دیا ہے اور پاکستان کے رقبے میں 28 ہزار مربع میل کا اضافہ کردیا ہے۔اکہتر سالوں سے اس خطے کے عوام بے آئین ہیں اور شرافت کے ساتھ حکمرانوں سے اپنے حقوق کا مطالبہ کرتے ہیں تو وہ امجد شعیب جیسوں کو غدار نظر آتے ہیں۔پچھلی سات دہائیوں سے اس خطے کے بہادر جوان ملک کے سرحدوں کی حفاظت کیلئے اپنی جانوں کی قربانی دے رہے ہیں اور آج تک گلگت بلتستان کے ایک فرد نے بھی ریاست سے بغاوت کا اظہار نہیں کیا ہے جبکہ پارلیمنٹ کے اندر محمود خان اچکزئی افغانستان سے اپنی وفاداری کا اعلان کرتے رہے جو کہ امجد شعیب کو نظر نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ اٹک پل تک دعویداروں، گریٹر پختونستان اور گریٹر بلوچستان اور سندھو دیش کی تحریکیں چلانے والے امجد شعیب کو کیوں نظر نہیں آرہے ہیں۔اب بھی افغانستان میں بیٹھ کر آئینی صوبوں کے لوگ پاکستان مخالف تحریکیں چلانے والوں کے حوالے سے بولنے کی جرات کیوں نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ بلتستان کے محب وطن عوام کو غدار کہنے اور گلگت بلتستان میں اسماعیلی سٹیٹ کا شوشا چھوڑ کر علاقے میں فرقہ واریت پھیلانے کی سازش کرنے والے امجد شعیب کے خلاف مقدمہ چلایا جائے۔