وحدت نیوز (گلگت) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ پیرامیڈیکل سٹاف کے مطالبات جائز ہیں، حکومت فوری طور پر ان کے مطالبات کو تسلیم کرے اور احتجاج ختم کروائے، پیرامیڈیکل سٹاف کے احتجاج سے غریب عوام متاثر ہو رہے ہیں، احتجاج کے دوران کسی قیمتی جان کا ضیاع ہوا تو اس کی تمام تر ذمہ داری صوبائی حکومت پر عائد ہوگی۔ اپنے ایک بیان میں الیاس صدیقی کا کہنا تھا کہ پیرامیڈیکل سٹاف کے اپنے جائز حقوق کیلئے جاری احتجاج پر حکومت کی بے حسی افسوس ناک ہے، انسانیت کی خدمت کرنے والوں کے جائز حقوق کو پس پشت ڈالنا انتہائی زیادتی ہے۔
حکومت اپنی عیاشیوں پر تو کسی قسم کا سمجھوتہ کرنے کیلئے تیار نہیں لیکن قوم کے خدمت گاروں کو کھڈے لائن لگانا سراسر ظلم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہفتے سے پورے گلگت بلتستان کا پیرامیڈیکل اسٹاف احتجاج پر ہے اور کسی اعلیٰ حکومتی عہدیدار نے ابھی تک اس احتجاج کا کوئی نوٹس نہیں لیا، جو کہ حکومتی بے حسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے چیف سیکرٹری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پیرامیڈیکل سٹاف کے مطالبات کو سنیں اور ان کے حل کیلئے راست اقدامات کرکے پیرامیڈیکل سٹاف کی بے چینی کو دور کیا جائے۔