وحدت نیوز(سکردو)ممبر جی بی کونسل و سیکریٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان شیخ احمد علی نوری نے ماحولیات کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ماحولیاتی آلودگی پاکستان سمیت دنیا بھر کیلئے ایک چیلنج ہے۔آلودگی کے باعث انسانی صحت اور قدرتی ماحول بری طرح متاثر ہو رہا ہے، اقوام عالم کو مل کر قدرتی ماحول پر اثرانداز ہونے والے عوامل پر قابو پانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ماحولیات کا عالمی دن 5 جون کو منایا جاتا ہے جس کا مقصد موسمیاتی تبدیلیوں، تحفظِ ماحول اور آلودگی کے خلاف شعور اجاگر کرنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر ہمیں چاہیے کہ ذیادہ سے ذیادہ درخت لگائیں اور پلاسٹک کے استعمال کو کم کریں۔ گرمی کی لہروں اور پانی کی کمی سے نمٹنے کا یہ سب سے آسان اور قابل عمل طریقہ ہے جس کا ہم ہر سال سامنا کرتے ہیں۔ صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے ماحولیاتی مسائل پر قابو پانا انتہائی ضروری ہے۔