وحدت نیوز(اسلام آباد)پاکستان میں تعینات فلسطین کے سفیر احمد جواد امین ربیعی سے ممبران گلگت بلتستان کونسل ایوب شاہ،شیخ احمد علی نوری (صوبائی پولیٹیکل سیکریٹری ایم ڈبلیوایم)اور سید شبیہ الحسنین نے ملاقات کی۔اس موقع پر ممبران جی بی کونسل نے حالیہ اسرائیلی دہشتگردی کے شکار مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا پوری امت مسلمہ فلسطینی مسلمان بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔فلسطین میں بیہیمانہ جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے ممبران جی بی کونسل نے کہا کہ اسرائیل کی غیر قانونی اور غیر انسانی جارحیت کسی طور قابلِ قبول نہیں ہے۔گلگت بلتستان کے عوام کے دل بھی فلسطینی عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔مشکل کی اس گھڑی میں فلسطینی عوام کی ہمت حوصلے اور جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اسرائیل کی بےگناہ فلسطینی عوام پر مظالم کی مذمت کرتے ہیں اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری جنگ بندی کے لئے اقدامات اٹھائے۔انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی مجاہدین کے عزم و حوصلے بلند ہیں اور وہ دن دور نہیں جب اسرائیل کو عبرتناک شکست دے کر فلسطینی اپنی سرزمین واپس لیں گے اور پاکستانی مسلمانوں سمیت تمام دنیا کے مسلمان قبلہ اول مسجد اقصی میں باجماعت نماز اداء کریں گے۔فلسطینی سفیر نے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی پر ممبران جی بی کونسل کا شکریہ ادا کیا۔فلسطینی سفیر نے ممبران جی بی کونسل اور گلگت بلتستان کے عوام کی جانب سے فلسطینی عوام کے لیے جذبات اور احساسات کے اظہار کو سراہا۔