وحدت نیوز(گلگت) صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ شیخ نیئرعباس مصطفوی وعلامہ شیخ محمد بلال سمائری کی قیادت میں مجلس وحدت مسلمین کے وفد نے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان سکندر راجہ سلطان سے ملاقات کی اور انہیں چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکبا پیش کیا۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے وفد نے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کو عوامی مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے سیپ سکول اساتذہ کے مطالبے کو ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے پر زور دیا جومسلسل کئی روز سے صوبائی اسمبلی کے سامنے دھرنہ دیئے بیٹھے ہیں۔چیف سیکرٹری نے وفد کو یقین دلایا کہ سیپ اساتذہ کے مطالبات کے حل کیلئے بااختیار کمیٹی تشکیل دی جائیگی اور ترجیحی بنیادوں پر قوم و ملک کے معماروں کے مسائل کو جلد حل کیا جائیگا۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے وفد نے ٹیچر ایسوسی ایشن ، کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن اور جیم سٹون ایسوسی ایشن کے تحفظات سے بھی چیف سیکرٹری کو آگاہ کیا جس پر چیف سیکرٹری نے علاقے میں عوامی سطح پر پائی جانیوالی بے چینیوں کا نوٹس لیتے ہوئے ان کے مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
گندم سبسڈی تحریک کے دوران عوامی دھرنوں میں شرکت کرنے کے جرم میں معطل سرکاری ملازمین کے مسائل سے بھی چیف سیکرٹری کو آگاہ کرتے ہوئے وفد کے اراکین نے کہا کہ حکومت کا یہ اقدام انتقامی کاروائی کا شاخسانہ ہے اور اس فیصلے کو فی الفور واپس لیا جائے ۔ وفد نے چیف سیکرٹری کو محکمہ صحت کی بگڑتی ہوئی صورت حال پر فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے کہا کہ گلگت شہر کی قدیمی ہسپتال کی حالت زار انتہائی ناگفتہ بہ ہے جہاں سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی شدید قلت سے غریب عوام پریشان حال ہیں اور مریض بے اجل موت مرنے لگے ہیں۔اس کے علاوہ کنٹریکٹ ملازمین کے مسائل سے بھی چیف سیکرٹری کو آگاہ کیا گیااور انہیں مستقل کرنے پر زور دیا گیا۔
چیف سیکرٹری نے وفد کے جملہ مسائل کو غور سے سننے کے بعد ان فوری حل طلب مسائل کے حل کیلئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لانے کا وعدہ کیا ور کہا کہ علاقے میں امن و امان کا قیام اور عوامی مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہے اور وہ ان بنیادی مسائل کو حل کرنے میں ذاتی دلچسپی رکھتے ہیں اور انشا ء اللہ بہت جلد علاقے کے عوام تبدیلی محسوس کریں گے۔