وحدت نیوز (مظفرآباد) سیکرٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین پاکستان آزاد جموں و کشمیر سید محسن رضا سبزواری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ نئی ووٹر لسٹوں کی تیاری چیف الیکشن کمشنر کا شفاف انتخابات کی جانب پہلا قدم ہے ، قبل ازیں بننے والی ووٹر لسٹیں پسند و ناپسند کی بنیاد پر بنائی گئیں تھیں ، ایک آدمی کا ووٹ کئی جگہوں پر اندراج تھا، جس سے انتخابات میں دھاندلی آسان تھی ، امیدوار اپنے من پسند لوگوں کے ووٹ ایک ہی حلقے میں مختلف جگہوں پر اندراج کروا کر ووٹ کاسٹ کرواتے تھے ، نئی بننے والی ووٹر لسٹوں کی تصدیق باضابطہ نادرا سے کروائی جائے ،تا کہ کسی قسم کی بے قاعدگی عمل میں نہ آ سکے ۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری سیاسیات سید محسن رضا سبزواری ایڈووکیٹ نے وحدت سیکرٹریٹ مظفرآباد میں ایم ڈبلیو ایم پولیٹیکل کونسل آزاد کشمیر کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر جسٹس غلام مصطفےٰ مغل کی چیف الیکشن کمشنر تعیناتی آزاد کشمیر میں شفاف انتخابات کے لیے حکومتِ وقت کا دانشمندانہ فیصلہ ہے، چیف الیکشن کمشنر نیک ، دیانت دار اور با صلاحیت انسان ہیں ، بطور چیف جسٹس عدالت العالیہ عدلیہ کا وقار بلند کیا ، اب بطور الیکشن کمشنر شفاف انتخابات کروا کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں گے، مجلس وحدت مسلمین ایک سیاسی جماعت ہے ، آزاد کشمیر میں شفاف انتخابات کی خواہاں ہے، شفاف انتخابات کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ آمدہ الیکشن میں مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر بھرپور حصہ لے گی۔