وحدت نیوز (مظفرآباد) سیدہ فاطمہ زھرا ؑ جنتی عورتوں کی سردار ، خواتین کے لیے اسوہ کامل ہیں ، رسول ؐ کی لاڈلی بیٹی کاکردار و سیرت عالم اسلام کے لیے مشعل راہ ہے،ان خیالات کا اظہار ریاستی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان آزاد جموں و کشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے شہادت خاتون جنت حضرت فاطمہ زھراء سلام اللہ علیھا کے دن کی مناسبت سے میڈیا سیل مجلس وحدت مسلمین سے جاری ایک بیان میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ سیدہ زھراء ؑ نے سخت اور مشکل حالات میں بھی ولایت اور دین کے لیے خدمات انجام دیں ،آج کا یہ مشکل دور اگر آسان بنانا ہے تو عالم اسلام کو سیدہ کونین ؑ اور اہلبیت ؑ کے راستے کو اپنانا ہو گا،جن کی محبت و مؤدت کا حکم خدا نے دیا ہے ، اسی میں عالم اسلام کی بقاء ہے ، عالم اسلام کی اتحاد بھی اسی میں مضمر ہے،دشمنان اسلام کے خلاف علم بغاوت بلند کرنا تربیت زھراء ہے، اولاد زھراء نے اسلام پر سب کچھ قربان کر کے بتا دیا کہ یہ سر کٹ تو سکتے ہیں لیکن جھک نہیں سکتے ،دین کے لیے عزت ،جان اور مال سب حاضر ہے ۔
انہوں نے مذید کہا کہ چودہ سو سال قبل اہلبیت ؑ پر مظالم ڈھائے گئے آج بھی یمن ، عراق اور شام میں ان کے چاہنے والوں کو یزید اور یزید جیسوں نے نشانے پر رکھا ہوا ہے،مشرق وسطیٰ کے حالات صہیونی سازش ہیں ، امت مسلمہ متحد ہو کر اغیار کو صفوں سے نکالے ، ملک پاکستان میں بھی اس آگ کو پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے ، ہمیں نادانیاں چھوڑ کر باہم ایک ہونا ہو گا ، ہم ایک ہوں گے اسی میں ہمارے مشترکہ دشمن کی شکست ہے ۔