وحدت نیوز(مظفرآباد) محرم الحرام برداشت ،صبر و اخوت کا مہینہ، انتظامیہ و حکومت سے ہر ممکن تعاون کریں گے ، تاہم عزاداری سید الشہداء ؑ کے حوالے سے کسی بھی قدغن یا رکاوٹ کو قبول نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے آمدہ محرم الحرام کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین ہمیشہ نیشنل ایکشن پلان کے ہر نقطے پر عمل درآمد کا مطالبہ کرتی آئی ہے۔ ہم حکومت و انتظامیہ سے ہر ممکن تعاون کریں گے ۔ عزاداررسول ؐ کو ان کے نواسے ؑ کا پرسہ دینے سڑکوں پر آتے ہیں ۔ ظالم کے خلاف مظلوم کی حمایت میں نکلتے ہیں ۔ حکومت و انتظامیہ بھی اپنی ذمہ داریوں کو بھرپور طریقے سے ادا کرے۔ فول پروف سیکورٹی انتظامات کیے جائیں ، بھمبر سے لیکر نیلم تک مجالس و جلوس ہائے عزا منعقد ہوتے ہیں جن میں عزاداروں کی بڑی تعداد شرکت کرتی ہے ۔ حسب سابق امسال بھی نظم و نسق کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ الحمد لللہ آزاد کشمیرپرامن خطہ ہے، شیعہ سنی بھائی چارہ ہے ۔ یہاں کے امن میں شیعہ سنی علماء و عوام کا بڑا کردار ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ عزاداری سیدالشہداء ؑ ہماری شہ رگ حیات ہے۔ اس کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ عزاداری کے دفاع میں ہم اپنی جان تک کا نذرانہ پیش کرنے سے دریغ نہیں کریں گے ۔ مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے تمام بانیان مجالس و جلوس کے شانہ بشانہ ہے۔ان کی خدمت کے ریاستی و ضلعی قیادت ہمہ وقت تیار و آمادہ ہے۔بانیان مجالس انتظامیہ سے اور انتظامیہ بانیان مجالس سے تعاون کرے ۔مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور جوادی نے کہا محرم میں جہاں ہم حسین ؑ کی مظلومیت کا پرچار کرتے ہیں وہاں یزید اور یزید جیسوں سے نفرت کا اظہار بھی کرتے ہیں ۔ اسی طرح ہم مقبوضہ کشمیر کے مجبور و محکوم عوام کو بھی یاد رکھیں گے ۔مقبوضہ کشمیر میں وقت کے یزیدی سپاہی نہتے لوگوں پر تشدد کی بے پناہ داستانیں رقم کر چکے ۔ وہ وقت دورنہیں جب ظلم کی سیاہ رات ختم ہو گی اور مقبوضہ کشمیر کی مظلوم عوام حق آزادی پا لے گی ۔ بھارت اپنی ہی کھودی ہوئی قبر میں دفن ہو جائے گا ۔ اسے مقبوضہ کشمیر کی عوام کو دیئے گئے ایک ایک زخم کا حساب دینا پڑے گا۔