وحدت نیوز(مظفرآباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے نیشنل ایکشن پلان کا رُخ دہشت گرد عناصر کی طرف کرنے کی بجائے محب وطن افراد کی طرف موڑ دیا گیا۔ کالعدم جماعتوں کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کرنے کی بجائے ان کو لچک دی جا رہی ہے ۔ دہشت گرد تنظیموں کے سربراہاں کی کھلے عام حکومتی وزراء سے ملاقاتیں نیشنل ایکشن پلان کی دھجیاں اڑانے کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ حکومت کی طرف سے ان ملک دشمن عناصر کا نام شیڈول فور سے نکالے جانے کی یقین دہانی کو نیشنل ایکشن پلان کی ناکامی کے علاوہ کوئی دوسرا نام نہیں دیا جا سکتا۔سانحہ کوئٹہ اس کی تازہ مثال ہے کہ حکومت پالیسیوں کو بیلنس کرنے میں لگی ہوئی ہے جبکہ دہشت گرد اپنی مذموم کاروائیاں کرنے میں لگے ہوئے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار ناہوں نے یہاں مظفرآباد میں ایک احتجاجی اجتماع سے خطاب میں کیا ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہمارے لوگوں کو انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ حکومتی ادارے ان افراد کی پکڑ دھکڑ میں مصروف ہیں، جن کا ماضی و حال بالکل شفاف ہے ۔ وہ کسی غیر قانونی سرگرمی میں کبھی ملوث نہیں رہے ۔ اگر وہ مجرم ہیں تو انہیں طویل عرصہ تک ٹارچر سیلوں میں غائب رکھنے کے غیر قانونی اقدام کی بجائے عدالتوں میں کیوں پیش نہیں کیا جاتا۔ ایک طرف ہمیں دہشت گردی کا نشانہ بنایا جاتا ہے تو دوسری طرف حکومت کی بیلنسنگ پالیسی کے ذریعے ہم پر ستم توڑے جا رہے ہیں۔ ایم ڈبلیو ایم آزاد کشمیرکے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ ریاستی اداروں کی یہ ناانصافیاں قابل مذمت ہیں۔ ہم ان حکومتی مظالم کے خلاف آج جمعہ کے روز ملک بھروریاست آزاد جموں و کشمیر میںیوم احتجاج منا رہے ہیں ۔ ہم ایک بار پھر واضح کرنا چاہتے ہیں کہ مکتب تشیع کا کبھی دہشتگردی سے کوئی تعلق نہیں رہا، ہمارا کوئی بندہ آج تک اپنی مادر وطن کے خلاف استعمال نہیں ہوا، لیکن افسوس کہ حکومت ہمارے پرامن لوگوں کو گرفتار کر رہی ہے ، جن کا دہشتگردی سے دور دور تک کوئی واسطہ نہیں، ہمارے بزرگ علماء تک کو شیڈول فور میں ڈال دیا گیا ہے اور ان کے شہریت منسوخ کرکے اکاونٹس تک منجمد کر دیئے گئے ہیں،وفاقی حکومت کے ان اقدامات کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین کی شوریٰ عالی کے رکن علامہ امین شہیدی جو اس وقت ملی یکجہتی کونسل کے نائب صدر بھی ہیں،اسی طرح علامہ مقصود ڈومکی جو مجلس وحدت سندھ کے سیکرٹری جنرل اور بلوچستان میں ملی یکجہتی کونسل کے صوبائی سیکرٹری جنرل ہیں، ان کے نام بھی بیلنس پالیسی کے تحت شیڈول فور میں ڈال گیا ہے ۔ اسی طرح مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے رہنما علامہ شیخ نئیر عباس، بزرگ عالم دین شیخ محسن علی نجفی جن کی ملت کیلئے بے پناہ خدمات ہیں اور سماجی شخصیت ہیں، ان سمیت دو سو زائد بیگناہ افراد کو شیڈول فور میں ڈال گیا ہے ۔علامہ سید تصور حسین نقوی نے کہاکہ عزاداری ہمارا آئینی و قانونی حق ہے ، جس کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کے اندر آئین کی عملداری پر یقین رکھتے ہیں۔وفاقی حکومت بیلنس پالیسیاں ترک کرتے ہوئے فوری طور پر محب وطن علماء کے نام شیڈول فور سے نکالے ۔ نہیں تو احتجاج ہمارا آئینی و قانونی حق ہے اس کا دائرہ کار وسیع کردیا جائے گا۔ عزاداری پر قدغن کسی صورت قبول نہیں ، عزاداروں کو رہا کرتے ہوئے فوری طور پر ان پر قائم مقدمات کو ختم کیا جائے۔