وحدت نیوز (مظفرآباد) ریاستی کابینہ مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر کا اجلاس زیر صدارت علامہ سید تصور حسین نقوی منعقد ہوا ۔ اجلاس میںمولانا سید طالب حسین ہمدانی ، سید عمران حیدر سبزواری ، عابد علی قریشی ، سید حمید حسین نقوی اور دیگر نے شرکت کی ۔ اجلاس میں ربیع الاول کے حوالے سے اہم فیصلہ جات کیئے گئے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی نے کہا کہ 12تا 17ربیع الاول ہفتہ وحدت منایا جائے گا ، اس دوران ریلیوں ، جلسوں ، جلوسوں اور محافل میں بھرپور شرکت کی جائے گی ۔ مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر حسب سابق امسال بھی ہفتہ وحدت بھرپور انداز سے منائے گی ۔اہلسنت برادران کے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال میلاد مسعود ختمی مرتبت ؐ کی خوشیاں منائیں گے ۔بھمبر سے لے کر نیلم تک مجلس وحدت مسلمین پروگرامات کا انعقاد کرے گی ۔ اہلسنت برادران کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے ۔ امام خمینی ؒ کے فرمان کے مطابق12سے 17ربیع الاول ہفتہ وحدت منانے کا مقصد پیغامِ اتحاد و اتفاق بین المسلمین کو عام کرنا ہے ۔ اس سلسلہ میں ریاست بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ علامہ سید تصور حسین نقوی نے کہا کہ دہشت گردی و انتہاء پسندی کا واحد حل ذات رسول ؐ کی اتباع میں ہے ۔ درود و سلام کی محفلوں میں سیرت نبی کو اجاگر کرنا عین عبادت ہے ۔ اہل سنت بردادران کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے ۔ جلوسوں اور ریلیوں کے راستوں میں استقبالیہ کیمپس لگائے جائیں گے ۔ عاشقان مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے کا بھرپور خیرمقدم کریں گے ۔ 10ربیع الاول کو سیرت کمیٹی ہٹیاں بالا کے زیر اہتمام مظفرآباد سے چکوٹھی ریلی میں بھرپور شرکت کریں گے ۔12ربیع الاول کو بھی نیلم سے لیکر بھمبر تک بھرپور شرکت کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ نبی ؐ کا عَلم امن کا علم ، اسی کے نیچے جمع ہو کر مشکلات و مصائب سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکتا ہے ۔عالم اسلام اس وقت ٹکڑیوں میں تقسیم ہے ۔ دہشت گردی نے کمر توڑ کر رکھ دی ہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اتحاد و اتفاق کو عام کرتے ہوئے پرچم رسول ؐ کے نیچے جمع ہو جائیں ۔ اسی میں دنیا و آخرت کی بھلائی ہے ۔