علامہ تصور نقوی پر حملہ انتہائی اہم مسئلہ ہے،ریاستی حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، علامہ راجہ ناصرعباس

24 September 2017

وحدت نیوز(مظفرآباد) فرقہ واریت ملک و قوم کے لیے زہر قاتل ہے، مملکت خداداد پاکستان کو ایک سازش کے تحت اس گھناؤنے کھیل کا شکار بنایا جارہا ہے، مسلمانوں کو اندرونی طور پر اختلاف کا شکار کر دشمن اپنے عزائم حاصل کرتا ہے، میانمار میں ظلم و ستم مودی کی ایما پر ہو رہا ہے، مودی کا دورہ میانماراسی گھناؤنی سازش کی ایک کڑی ہے، مودی ایک جانب میانمار میں اپنا کھیل بہترین انداز میں کھیل رہا ہے دوسری جانب آزاد کشمیر میں بھی مودی کی ایما پر را کے ایجنٹوں نے ٹارگٹ کلنگ کو ہتھیار کو طور پر آزمایا ہے، علامہ تصور نقوی پر حملہ دراصل ریاست آزاد کشمیر کی سالمیت اور اتحاد بین المسلمین پر حملہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے وحدت سیکرٹریٹ مظفرآباد میں منعقدہ ایک اجلاس سے ٹیلیفونک خطاب کے دوران کیا ۔

 انہوں نے کہا کہ دشمن ایجنسی را شیعہ سنی لڑائی چاہتی ہے، وہ آزاد کشمیر میں امن و امان کی صورتحال کو مخدوش کرتے ہوئے دنیا کو یہ باور کروانا چاہتی ہے کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کسی طور پر بھی پرامن نہیں ۔ مگر سلام ہے آزاد کشمیر کے غیور شیعہ سنی کو کہ جس نے ہر سازش کو بھانپتے ہوئے حکمت سے ناکام بنایا۔ مگر سوال پیدا ہوتا ہے کہ آزاد کشمیر کی حکومت ، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کیوں سست روی کا شکار ہیں ، کیا یہ فرقہ واریت کی آگ جسے را کے ایجنٹوں نے آزاد کشمیر میں سلگانے کی کوشش کی اسے جلنے سے پہلے بُجھا نہیں دینا چاہیے؟ ان کے اس تجربے کو ناکام نہیں بنا دینا چاہیے؟ کیا ان کی جڑوں تک پہنچتے ہوئے انہیں نیست و نابود نہیں کر دینا چاہیے؟ آزاد کشمیر پرامن خطہ ، کیا امن کو تہہ و بالا کرنے کی سازش کرنے والوں کو کیفر کردار تک نہیں پہنچانا چاہیے؟ آزاد کشمیر کے اندر اتحاد بین المسلمین ، امن ، رواداری اور محبت کے لیے کام کرنے والوں کو محفوظ نہیں کرنا چاہیے؟ انہوں نے کہا کہ سوال ہے حکومت سے کہ انہوں نے اب تک علامہ تصور نقوی کو محفوظ ٹھکانے پر منتقل کیوں نہیں کیا؟ ان کے بچوں کی تعلیم تباہ ہو رہی ہے، ریاستی حکومت اس جانب توجہ کرنا تو دور کی بات عیادت تک کرنے نہیں آئی ، یہ حکومتی نااہلی ہے۔ حملہ کرنے والے پکڑے نہیں گئے ، علامہ کو سیکورٹی دی نہیں جارہی ، علامہ کے دیگر معاملات کو دیکھا نہیں جا رہا ۔ جو کہ ملت جعفریہ اور مجلس وحدت مسلمین کےلئے باعث تشویش ہے ۔ کیا پھر سے کسی سانحے کا انتظار کیا جا رہا ہے؟ کیا ہم پھر سے سڑکوں پر نکلیں اور ارباب اقتدار کو متوجہ کریں ۔ وزیراعظم آزاد کشمیر سے کہتا ہوں ، علامہ تصور نقوی کا مسئلہ انتہائی اہم مسئلہ، اگر عیادت کرنا گوارہ نہیں تو نہ کریں مگر ریاست کی جو ذمہ داریاں ہیں انہیں پورا کیا جائے۔ انتظامیہ اپنا کام تندی و تیزی سے کرتے ہوئے مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچائے۔ ہم برما کے مسلمانوں کے ساتھ بھی اظہار یکجہتی کرتے ہیں ، اور سمجھتے ہیں کہ بھارتی ایما پر یہ سب کچھ ہو رہا ہے ، مگر آزاد کشمیر میں بھی ہمیں آنکھیں بند نہیں کرنی چاہیے اور مزید کسی سانحے کا انتظار کیئے بغیر اقدامات کرنا ہوں گے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree