وحدت نیوز(مظفرآباد) آزاد امیدوار سید ذیشان حیدر اور حامیوں پر حملہ قابل مذمت ہے ، ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ، وحدت سیکرٹریٹ مظفرآباد سے جاری پریس ریلیز میں مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے رہنماؤں علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی ، سید محسن رضا سبزواری ایڈووکیٹ،سید طالب حسین ہمدانی، سید حسین سبزواری ، سید حمید حسین نقوی ، خالد محمود عباسی ، سید ارسلان بخاری ، امیدوار اسمبلی حلقہ پانچ سید حسنین کاظمی و دیگر نے اپنے بیان میں کہا کہ حلقہ پانچ میں آزاد امیدوار سید ذیشان حیدر اور انکے حامیوں پر حملے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ، ریاست آزاد کشمیر پرامن خطہ ہے ، اس طرح کے کلچر کو فروغ نہ دیا جائے ، ہر امیدوار کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنا پیغام لوگوں تک پہنچائے ، امیدوار کو الیکشن کمپین سے روکنا ناقابل برداشت عمل ہے ، الیکشن کمیشن کے ساتھ ساتھ ضلعی انتظامیہ اس معاملے پر نوٹس لیتے ہوئے ذمہ دار افراد کے خلاف کاروائی کرے ، ضرورت اس امر کی ہے کہ باہم محبت ، امن ، بھائی چارے اور برداشت کو فروغ دیا جائے ، لاٹھی کے زور پر اپنے آپ کو مسلط نہ کیا جائے ۔ مجلس وحدت مسلمین نے مطالبہ کیا کہ جلد از جلد اس معاملے پر کاروائی کو یقینی بنایا جائے تا کہ مزید اس طرح کے واقعات سے بچا جا سکے۔