وحدت نیوز (مظفرآباد) سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے کے بجائے خطے کی تعمیر و ترقی پر توجہ دیں ، الیکشن کمپین کے لیے ایک دوسرے پر اس طرح کیچڑ نہ اچھالیں کہ خود بھی خراب ہو جائیں ، خطہ کشمیر لاوارث پڑا، سڑکوں کی حالت خراب ، ہسپتالوں کی صورتحال ناقابل بیان، ملازمین و آفیسران ہڑتال پر ، کون ہے جو ریاست کا پرسان حال ہے؟ کون ہے جو عوام کا خیر خواہ ہے۔ اس جانب توجہ کیوں نہیں دی جارہی ؟ یہ خطہ کشمیر کے باسیوں کے لیے لمحہ فکریہ ہے، ان خیالات کا اظہار نومنتخب سیکرٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین پاکستان آزاد جموں وکشمیر سید محسن رضا جعفری ایڈووکیٹ نے منتخب ہونے کے بعد اپنے پہلے اخباری بیان میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی تمام تر توجہ اس وقت الیکشن کمپین پر ہے، موجودہ حکومت نے ہائیکورٹ کے آرڈر کے باوجود بلدیاتی انتخابات نہ کروا کر ایک جرم کیا ہے، عوام حساب لیں۔ تمام جماعتیں ایک دوسرے کو نیچا دکھانے میں مصروف ، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ، لوڈ شیڈنگ بارہ گھنٹے کے دورانیے سے زیادہ تجاوز کر گئی، عوام بے روزگاری ، مہنگائی اور کرپشن کی دلدل میں پھنسے جارہے ہیں ، حکومت و اپوزیشن کو اپنی پڑی ، کسی کو عوام کا خیال نہیں ، سڑکیں ، دارالحکومت کی تعمیر نو، ہسپتال ، ملازمین کی ہڑتال ، گلی محلے کے مسائل اور مسئلہ کشمیر کسی جانب کسی کی کوئی توجہ نہیں ہے۔ محسن رضا ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہوش کے ناخن لیے جائیں ، خوف خدا کیا جائے ، معاملات پر توجہ دی جائے کہیں یہ مسائل ایک ریلے کی صورت میں ان سب کو بہا نہ لے جائیں ، اللہ کی لاٹھی اور مظلوم کی فریاد یہ دو ایسی چیزیں ہیں کہ اپنا حساب ضرور لیتی ہیں ، انہوں نے مذید کہا کہ مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر عام انتخابات 2016کے حوالے سے مشاورت کر رہی ہے ۔