وحدت نیوز(مشہد مقدس) انقلاب اسلامی ایران کی اکیالیسویں سالگرہ کے موقع پر ایران کے دوسرے شہروں کی طرح مشھد مقدس میں بھی بہت بڑی ریلی نکلا لی گئی، جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ ریلی میدان بسیج سے شروع ہو کر حرم امام رضا علیہ السلام پر ختم ہوئی۔ ریلی میں ایرانی بھائیوں کے ساتھ ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے مجلس وحدت مسلمین، موسسہ شھید عارف الحسینی مشھد مقدس کے نمائندہ وفد نے سیکرٹری جنرل شعبہ مشہد مقدس حجت الاسلام عقیل حسین خان کی سربراہی میں شرکت کی۔
وفد میں حجت الاسلام والمسلمین آزاد حسین، حجت الاسلام والمسلمین سید منور حسین نقوی، حجت الاسلام والمسلمین الفت حسین جوئیہ، حجت الاسلام والمسلمین محمد رضا، حجت الاسلام عارف حسین، حجت الاسلام ظہیر عباس مدنی، ایزد علی خان، وفا عباس خان، محمد علی کاشفی، جواد خان، سید علی ہادی، محمد علی جوئیہ، نیر عباس اور دیگر شامل تھے۔ شرکاء نے پاکستان اور مجلس وحدت مسلمین کے پرچم اور بینر اٹھا رکھے تھے۔
ریلی میں شریک پاکستانی علماء اور طلباء سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عقیل حسین خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور پاکستانیوں میں انقلاب اسلامی کی محبت ناقابل بیان ہے، انقلاب اسلام کے اثرات دیگر ممالک کی طرح پاکستان پر بھی مرتب ہوئے ہیں، جس طرح ایران میں مقیم پاکستانی علماء و طلباء آج انقلاب اسلامی کی سالگرہ کے موقع پر میدان میں ہیں اسی طرح پاکستان میں بھی عاشقان انقلاب خوش ہیں۔ ریلی میں شریک ایم ڈبلیوایم کے کارکنان اور عہدیداران نے کشمیر کی حمایت میں بینرز بھی اٹھا رکھے تھے اور بھارتی مظالم کے خلاف نعرے بازی بھی کی ۔