وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی دوروزہ تربیتی ورکشاپ میں صوبہ پنجاب اور صوبہ خیبر پختونخواہ سمیت ملک کے دیگر حصوں سے خواتین نے شرکت کی، مرکزی سیکریٹریٹ میں منعقدہ ورکشاپ میں خواتین کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ اعلی تعلیم اور تربیت یافتہ خواتین نسلوں کو معاشرے میں ممتاز و بلند مقام عطا کرتیں ہیں۔دین حق کی سربلندی میں خواتین کامثالی کردار تاریخ اسلام کا روشن باب ہے۔واقعہ کربلا میں خواتین کا عزم و حوصلہ ہمارے لیے بہترین درس ہے۔عورتوں کو اسلام نے وہ عزت عطا کی جو اس سے پہلے معاشرے میں نہیں تھی۔خاندان کی تربیت میں خواتین کے کردار کو کلیدی حیثیت حاصل ہے۔مرکزی کو آرڈینیٹر زہرا نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انقلاب ایران میں امام خمینی کے حکم پر مستورات پیش پیش رہیں ۔کسی بھی تحریک میں مستورات کی عدم موجودگی سے خاطر نتائج کی طرف بڑھنا قدرے مشکل ہوتا ہے۔ ہمیں دین کے لیے اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ رہنے کی ضرورت ہے۔خانم زہرا نقوی نے تنظیمی فعالیت پر زور دیتے ہوئے خواتین کو میدان عمل میں موجود رہنے کی ضرورت پر زور دیا۔ خانم طاہرہ نجفی اور خانم طیبہ اعجاز نے بھی اظہار خیال کیا اور ضلعی سطح پر خواتین کی تربیتی ورکشاپس کی منظوری دی گئی۔