وحدت نیوز(کراچی) مجلسِ وحدت مسلمین شعبہ خواتین کراچی ضلع غربی کی جانب سے اعتکاف کے آخری روز وفات ام المومنین بی بی خدیجتہ الکبرا(س) کی مناسبت سے مجلس کا اہتمام کیا گیا، بعد از سوز و سلام ضلع وسطی کی خواہر ثناء نے ہدیہ مرثیہ بی بی کی بارگاہ میں پیش کیا۔جسکے بعد مجلسِ وحدت مسلمین شعبہ خواتین کراچی کی مسؤل شعبہ تعلیم و تربیت خواہر ندیم زہرہ نے خصوصی خطاب کیا۔
انہوں نےکہا کہ ام المومنین بی بی خدیجتہ الکبریٰ (س) نے تمام نامناسب اور تکالیف سے پُر حالات کے باوجود کس قدر جانفشانی سے رسالت کی پیروی بھی کی اور دین اسلام کی امداد بھی کی۔ تمام تر مشکلات کے باوجود ثابت قدمی کیساتھ رسول الکریم(ص) کی نصرت و مددگاری میں شانہ بشانہ موجود رہیں اور ہر طرح سے تبلیغِ دین کے آغاز سے ہی دینِ خدا کی سربلندی پر اپنا سب کچھ اسطرح قربان کردیا کہ تاقیامت دینِ اسلام احسان مند رہےگا،سیرت ام المومنین حضرت خدیجتہ ؑ تقاضہ کرتی ہے کہ عصرحاضر کی خواتین مردوں کے شانہ بشانہ دین کی نصرت کیلئےمیدان میں نکلیں ، بحیثیت ایک عورت ہمیں ایسی ہی سوچ اور اقدامات کی ضرورت ہے۔جو دینِ اسلام کی سربلندی اور استحکام کا باعث ہوں اور ایسی اولاد کی تربیت کریں جو آنے والی خدا کی آخری حجت(عج) کی ناصر و مددگار ہو۔