وحدت نیوز (گلگت) نااہل حکمرانوں نے ملک کو دلدل میں پھنسادیا ہے ،قصور میں زینب جیسی معصوم بچی کو جنسی تشدد کرکے ہلاک کرنا کسی المیے سے کم نہیں۔حکومت سنجیدہ ہوتی تو ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے قانون سازی کرتی اور پھول جیسی بچیوں کو تحفظ فراہم کرتی ۔ملک میں جنسی تشدد اور قتل سے اندرون و بیرون ملک ہماری جگ ہنسائی ہورہی ہے اور حکمرانوں کو اپنے اقتدار کی پڑی ہے۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان شعبہ خواتین کی کوارڈینیٹر خواہر سائرہ ابراہیم نے ملک میں بڑھتی ہوئی بے راہ روی کو ملک وقوم کیلئے انتہائی شرمناک قرار دیا ہے۔ایک اسلامی معاشرے میں اس طرح کے واقعات نے ہمارے اسلام اسلام کے زبانی دعووں کا پول کھول دیا ہے۔امر باالمعروف اورنہی عن المنکر کو ترک کرنے سے ایسے ہی واقعات رونما ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ انسانیت سوز مظالم کا پے درپے واقع ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارے نظام حکمرانی میں نقص پایا جاتا ہے۔ملک پر ایسا نظام مسلط کیا گیا ہے جہاں ایک پاک باز مومن کااقتدار تک پہنچنا ناممکن ہوچکا ہے اور کرپٹ مافیا آسانی کے ساتھ اقتدار سے چمٹ جاتا ہے۔جس نظام میں ظالم کا حساب نہ ہو اور مظلوم کو انصاف نہ ملے وہ معاشرہ ذلت کی پستیوں میں گر جاتا ہے ۔حکمرانوں میں کوئی شرم و حیا ہوتی تو قصور کے واقعے پر اپنے آپ کو اقتدار سے علیٰحیدہ کرلیتے۔
انہوں نے کہا کہ عوام جب تک ان ظالم حکمرانوں کے مقابل کھڑے نہیں ہونگے تب تلک انصاف کا قتل جاری رہے گا ،جب تک یہ قوم اسوہ شبیری پر عمل پیرا ہوکر زمانے کے یزیدی طاقتوں کو سرنگوں نہیں کرینگے اس وقت تک قوم کی معصوم بچیوں کی سرعام عصمتیں فروخت ہوتی رہینگی۔