وحدت نیوز(ہری پور) قصور میں ظلم کا شکار بننے والی معصوم بچی زینب کے قاتلوں کی عدم گرفتاری باعث تشویش ہے اگر ملزمان جلد گرفتار نہ ہوئے تو یہ پنجاب حکومت اور پولیس کی بہت بڑی ناکامی ہوگی ا ن خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین خیبر پختون خواہ کی صوبائی سیکرٹری جنرل راضیہ جعفری صوبا ئی ڈپٹی سیکرٹری جنرل روبینہ واجد اور ضلعی جنر ل سیکرٹری تصور نقوی نے ایم ڈبلیوایم کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس مجلس وحدت کی عہدیداروں اور کارکنوں نے شرکت کی احتجاجی مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر زینب کو انصاف دو ہم زینب کے ساتھ کھڑے ہیں سمیت دیگر نعرے درج تھے ۔
راضیہ جعفری نے کہا کہ اسلام امن وآشتی کا مذہب ہے جس میں کسی شخص چاہے اس کا مذہب و مسلک کوئی بھی ہو اس کے خلاف ظلم کی اجازت نہیں دی جاتی لیکن مقام افسوس ہے کہ اسلام کے نام پرحاصل ملک میں نہ صرف مرد و خواتین بلکہ معصوم بچے بھی اس ظلم سے محفوظ نہیں جس سے اسلام اور وطن عزیز کی بھی بدنامی ہورہی ہے اور دوسری طرف معصوم جانوں پر ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں اگر اب بھی ہم نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو آنے والے وقت میں یہ ظلم مزید بڑھے گا انھوںنے والدین سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اپنے بچوں کی حفاظت کریں اور قریبی رشتہ داروں سمیت کسی پر بھی اعتماد نہ کریں انھوںنے مطالبہ کیاکہ معصوم زینب کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرکے عبرت ناک سزا دی جائے تاکہ آئندہ کو ئی ایسے فعل کا سوچ بھی نہ سکے ان کا کہناتھاکہ اتنے دن گزرنے کے باوجود ملزم کی عدم گرفتاری حکومت اور حکومتی اداروں کی ناکامی ہے ۔