وحدت نیوز(فیصل آباد) قرآن کریم کی حرمت اور تقدس کا خیال رکھنا ہر مسلمان پر واجب ہے ، حکومت اسلامی جمہوریہ پاکستان کو حکومتی سطح پر قرآن کریم کی بے حرمتی کے خلاف احتجاج کرنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری فلاح و بہبود محترمہ فرحانہ گلزیب نے ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے قائم کردہ قرآن سنٹر فیصل آباد میں منعقدہ تلاوت کلام مجید کی محفل سے کیا۔
حالیہ دنوں میں ناروے میں اسلام دشمن عناصر کی جانب سے قرآن مجید کی بے حرمتی کے خلاف اور تقدس کتاب الہی میں قرآن سنٹر میں خواتین نے تلاوت کلام پاک کی اور بعد ازاں محترمہ فرحانہ گلزیب نے خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ قرآن مجید جو کہ مسلمانوں کی آخری الہامی کتاب ہے کی حفاظت کا ذمہ خود خداوند عالم نے اپنے ذمہ لیا ہے لیکن بحیثیت مسلمان قرآن کا تقدس اور احترام ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔
اہمیت قرآن پر گفتگو کرتے ہوے انھوں نے کہا اہل اسلام کا المیہ ہی یہی ہے کہ وہ قرآن کی تعلیمات سے دور ہوگئے ہیں اور دشمن اسی دوری کا فائدہ اٹھا کر ہمارے مقدسات کی تحقیر کر رہا ہے ۔انھوں نے مزید کہا کہ اگر امت محمدی اپنے نبی صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دختر کا دروازہ اور خیام حسینی جلنے سے بچا لیتی تو آج قرآن جلانے کی بھی کوی جرات نہ کرتا۔