وحدت نیوز(اسلام آباد) مقبوضہ کشمیر ، فلسیطین اور یمن میں معصوم انسانی جانوں کے قتل عام پرخاموشی قابل مذمت ہے دنیا بھر میں انسانی حقوق کاعالمی دن منایا گیا کہ جسکے منشور کے تحت تمام ممالک میں ہر قسم کے علاقا ئی ، مذہبی، سیاسی امتیاز کے بغیر ہر انسان کی ذاتی عزت اور حرمت اور انسانوں کے مساوی اور ناقابلِ انتقال حقوق کو تسلیم کرنا دنیا میں آزادی، انصاف اور امن کی بنیاد ہے لیکن ہم مشاھدہ کر رہے ہیں کہ اس وقت دنیا میں ، بالخصوص یمن ، کشمیر اور فلسطین میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی ہو رہی ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ “انسانی حقوق کا عالمی” دن سوائے زبانی جمع خرچ کے ا ور کچھ نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہارمرکزی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیوایم شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی محترمہ سیدہ زھرا نقوی نے میڈیا سیل سے جاری بیان میں کیا۔
انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر مسنگ پرسنز کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ملت جعفریہ کے بیگناہ جبری گمشدہ افراد سالوں سے لا پتہ ہیں جن میں سے کئی کے والدین اپنے بچوں کے انتظار میں دنیا سے رخصت ہوگئے ان کے اہل خانہ اپنے پیاروں کی جدائی میں ہرپل تکلیف اور کرب کی کیفیت سے دوچار اپنے ناکردہ جرم کی سزا کاٹ رہے ہیں۔ حکومت پاکستان کو مسنگ پرسنز کی بازیابی کے لئے سنجیدہ اقدامات کرنے چاہیے اور اگر ان میں سے کوئی قصور وار ہے تو ان کے خلاف عدالتی کاروائی کی جائے۔
انہوں نے عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی پر کڑی تنقید کرتے ہوے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ایک سو اٹھائیس دن کرفیو کے گزر چکے ہیں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر سنگین خلاف ورزی کی جارہی ہے اور عالمی برادری ان مظالم کی روک تھام کے لیے کوئی سد باب کرتی دکھائی نہیں دے رہی۔ عالمی انسانی حقوق کے علمبردار مقبوضہ کشمیر ، فلسطین اور یمن میں معصوم انسانی جانوں کے قتل عام کا نوٹس لیں اور اس منافقانہ رویے سے اجتناب کریں۔