وحدت نیوز(گلگت) مرکزی سیکرٹری سیاسیات مجلس وحد ت مسلمین شعبہ خواتین محترمہ سیدہ نرگس سجاد جعفری نے کہا کہ شھید ضیاء الدین کی جد و جہد آزاد منش انسانوں کے لیے مثال ہے۔ شھید نے اپنی جد و جہد سے گلگت بلتستان کی تشیع کو اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے منظم کیا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامعتہ الکبری نگرل گلگت میں شھید ضیاء الدین کی برسی کے سلسلے میں رابطہ مہم کا آغاز کرتے ہوئےیلغار اور سیاسی صورت حال کے عنوان پر طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین نے ہر فورم پر جی بی کے عوام کے حقوق کا تحفظ کیا۔ ڈاکٹر طاہر القادری کے مارچ کے چارٹر آف ڈیمانڈ میں ایم ڈبلیو ایم کے مطالبے پر گلگت بلتستان کو آئینی حقوق کی فراہمی کا مطالبہ شامل کیا گیا۔ محترمہ سیدہ نرگس سجاد جعفری کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان سی پیک کا گیٹ وے ہے تاہم بد قسمتی سے اس کے ثمرات سے خطے کے عوام اب تک محروم ہیں۔ گلگت بلتستان کے لوگوں کو وقتی دلاسوں کی نہیں بلکہ مکمل آئینی حقوق کی فراہمی کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم ڈبلیو ایم آئندہ انتخابات میں اپنا بھرپور سیاسی کردار ادا کرے گی ۔ بعد ازاں محترمہ سیدہ نرگس سجاد جعفری نے محترمہ سائرہ ابرہیم کے ہمراہ صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل گلگت بلتستان علامہ شیخ نیئرعباس مصطفوی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقے میں تنظیمی صورتحال ، برسی قائد گلگت بلتستان علامہ ضیاء الدین شھید ، آمدہ انتخابات سمیت اہم امور پر گفتگو ہوئی۔