وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی جانب لاہور ایوان صنعت و تجارت میں یوم مادر کے سلسلے میں سیرت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمنار میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کی اہلیہ پروین سرور نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
لاہور ایوان صنعت و تجارت میں سیرت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے موضوع پر ہونیوالے سیمینار میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی سیکریٹری جنرل اور رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہر انقوی ،معروف اینکر عروج ناصر، سرور شجاع، سیکریٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین ضلع لاہورمحترمہ حنا تقوی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری محترمہ عظمٰی نقوی، شفا زہرا، عذرا بتول، زاہدہ طارق، دعا زہرا، سیدہ کوکب حنا، جبیں زہرا، سیدہ صباحت مشہدی، سمیعہ رضوی، لاہور چیمبر کی سابق ایگزیکٹو کمیٹی ممبر نبیلہ انتظار سمیت دیگر نے شرکت کی۔
سیکریٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین ضلع لاہورمحترمہ حنا تقوی کا کہنا تھا کہ سیرت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کو ملاحظہ کرنے کے بعد صنف نازک سے تعلق رکھنے والی تمام ماؤں اور بہنوں کو چاہیئے کہ وہ خود کو نہ صرف زبانی کلامی حد تک سیرت زہراء سلام اللہ علیہا کا پیروکار نہ بنائیں بلکہ عملی میدان میں بھی سیرت حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا پر عمل پیرا ہونے کا ثبوت دیں۔
اس موقع پر بیگم پروین سرور کا کہنا تھا کہ دین ہمارے گھر سے شروع ہوتا ہے اور اس کی بہترین مثال رسول اللہ (ص) اور ان کی پیاری بیٹی حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سب خواتین کو ان کی سیرت پر عمل کرنا چاہیئے تاکہ دنیا اور آخرت میں کامیاب ہو سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج وہ اپنی ماں کی دعاؤں سے یہاں تک پہنچی ہیں اور ماں باپ کی دعائیں انسان کو بہت اوپر لے جاتی ہیں اس لئے ہمیں ان کی دعائیں لینی چاہئیں۔