وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور کی جانب سے محمدی مسجد آڈیٹوریم ہال میں عظیم الشان جشن میلاد صادقینؑ کا اہتمام کیا گیامیلاد میں ضلع لاہور کی تمام کابینہ اور یونٹس سے خواتین اور بچوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اس پر مسرت محفل میں لاہور بھر سے عالمات و ذاکرات نے بھی بھرپور شرکت کی ۔تقریب میں لاہور کے مختلف کالجز اور یونیورسٹیز کے اسٹوڈنٹس کے درمیان اسلامی اشعار ، کوئز اور اسلامی آرٹ کے عنوان سے مقابلہ جات کرواے گیے جن میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والی طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے ۔
علاوہ ازیں لاک ڈاون کے ایام میں ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین لاہور کی جانب سے آن لائن اسلامک کلاسز میں حصہ لینے والی خواتین کے نتائج کا بھی اعلان کیا گیا ننھی بچیوں نے ٹیبلو پیش کر کے محفل کو مزید رونق بخشی۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سینیئر رہنما اور رکن شوری عالی علامہ سید مبارک علی موسوی صاحب نے شرکاء محفل سے خصوصی خطاب کیا ۔
ان کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ کی تمام تر درپیش مشکلات کا حل سیرت طیبہ کی پیروی میں مضمر میں ہے انھوں نے کہا کہ ہمارے لیے یہ باعث فخر ہے خدا نے ہمیں یہ عظیم سعادت بخشی ہے کہ ہم ختمی مرتبت سرور کائنات صل اللہ علیہ و آلہ وسلم کے امتی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مرسل اعظم (ص) کے کردار و تعلیمات سے دوری مسلمانان عالم کے لیے باعث ذلت بن رہی ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم رحمت اللعالمینؑ کی سنت و سیرت پر عمل پیرا ہوں تاکہ دنیا و آخرت میں سرخرو ہو سکیں۔
سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین لاہور محترمہ حنا تقوی کا کہنا تھا کہ عید میلاد النبی ص کے موقع پر شہر شہر قریہ قریہ جشن ولادت سرکارؐ مناکر شیعہ سنی مسلمانوں نے اپنے پیارے رسول ؐ سے عشق و عقیدت کا اظہار اور امن و بھائ چارے کا پیغام دیا ہے۔
فرانسیسی صدر کے اسلام مخالف رویے پر ان کا کہنا تھا فرانسیسی صدر کا ہمارے پیارے رسول ؐ کی شان میں کی گئی گستاخی کا دفاع ایک افسوسناک اور اور گھٹیا فعل ہے اور یہ دانستہ طور پر اسلام اوراسلامی شعائر پر حملہ ہے جو کہ ناقابل معافی ہے امت مسلمہ کو ہر اسلام دشمن سازش کا منہ توڑ جواب دینا ہوگا اور اس کے لیے ابتدائی طورپر فرانسیسی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کرنا ہوگا۔
تقریب کے اختتامی مراحل میں شرکاء نے فرانس میں پیغمبر اسلام (ص) کے خاکوں کی اشاعت کے خلاف پلے کارڈز اٹھا کر شدید احتجاج کیا آخر میں محترمہ حنا تقوی نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔