وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین ملتان کی جانب سے رحلت ام المومنین حضرت خدیجۃ الکبری سلام اللہ علیھا کی مناسبت سے مجلس عزا کا انعقاد ہوا جس سے عالمہ محترمہ مسرت عباس اور ضلعی میڈیا سیکرٹری محترمہ سدرہ بتول نے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں مقررین نے جناب خدیجۃ الکبری س کے فضائل اور ان کی پاکیزہ سیرت پر روشنی ڈالی۔
محترمہ مسرت عباس نے اپنے خطاب میں کہا کہ جناب خدیجۃ الکبری سلام اللہ علیھا نے زمانہ جاہلیت میں بھی وہ مقام و منزلت حاصل کی جو اس دور میں کسی عورت کے لیے حاصل کرنا نا ممکن تھی ایسا زمانہ جہاں عورت کو زندہ درگور کر دیا جاتا یا پھر گھر میں محسور رکھا جاتا آپ سلام اللہ علیھا سیدۃ التجار کہلائیں انہوں نے کہا کہ جب رسول خدا صل اللہ علیہ و آلہ وسلم تن تنہا تھے تو آپ ان کی مونس و مددگار بنیں اور اپنی تمام دولت و ثروت راہ اسلام میں قربان کر دی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آج ام المومنین حضرت خدیجہ سلام اللہ کی سیرت نہ صرف خواتین بلکہ مردوں کے لیے بھی نمونہ عمل ہے آج ہمیں بھی اپنے معاشرے کی اصلاح اور دینی تعلیمات پر عمل پیرا ہوتے ہوۓ انفاق فی سبیل اللہ کرنے اور اپنے مالی واجبات ادا کرتے ہوۓ سیرت ملیکۃ العرب پر عمل پیرا ہونا چاہیے۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین ملتان کی سیکرٹری جنرل خانم تصدق زہرا نے شیعہ مسنگ پرسنز کی بازیابی کے لیے جمعہ ، ہفتہ اور اتوار شام 5 سے 9 بجے تک قذافی چوک پر احتجاجی دھرنے کا اعلان کیا۔