وحدت نیوز(راولپنڈی) یوم رحلت ام المومنین جناب خدیجۃ الکبریؑ کے موقع پر مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین راولپنڈی کی جانب سے راولپنڈی آفس میں مجلس عزا کا انعقاد کیا گیا جس سے محترمہ عفت نقوی ، محترمہ اقصی اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی رہنما سیدہ قندیل زہرا کاظمی نے خطاب کیا۔
ان کا کہنا تھا حضرت خدیجہ ع وہ ہستی تھیں جن کے دین اسلام پر بے شمار احسانات ہیں۔بعثت کے ابتدائی دور میں نبی کریم ختمی مرتبت حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جن مشکلات کا سامنا کیا اس میں جناب خدیجہ وہ واحد اور عظیم شخصیت تھیں جنہوں نے انتہائی صبر اور بھر پور حوصلے کے ساتھ بہترین رفاقت کا شاندار حق ادا کیا۔
انہوں نے کہا عرب کی سب سے مالدار خاتون جنہیں ملیکۃ العرب کہا جاتا انہوں نے اپنی ساری دولت دین اسلام کی تبلیغ، ترویج اور سربلندی پر خرچ کر دی۔دین اسلام کی عظمت کے لیے ام المومنین اور ان کی آل پاک نے دین کی بقا اور سلامتی کے لیے اپنا مال ومتاع اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے یہ ثابت کیا کہ یہ دین اسلام وہ الہامی اور حق و صداقت کا مذہب ہے جس کے لیے سب کچھ قربان کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ محسنہ اسلام کی سیرت میں خواتین کے لیے باوقار زندگی گزارنے کا مکمل درس ہے۔ان کی زندگی کے تمام پہلو مستورات کے لیے مشعل راہ ہیں جن سے عملی زندگی میں استفادہ کرنے کی ضرورت ہے مجلس کے اختتام پر شرکاء کے لیے افطار کا اہتمام کیا گیا۔