وحدت نیوز(سکردو) پارلیمانی سیکرٹری برائے وویمن ڈویلپمنٹ و صوبائی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کنیز فاطمہ نے کہا ہے کہ معذور افراد معاشرے میں خصوصی توجہ کے مستحق ہیں اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپیشل پرسنز کے مختلف تنظیمات کی جانب سے گلگت پریس کلب میں جاری احتجاج کے دوران قراقرم ڈس ایبلیٹی فورم کے رہنما حسن بلتی اور ارشاد کاظمی سے ٹیلیفونک گفتگو میں کی۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں معذور افراد کو سپیشل پرسن کی حیثیت حاصل ہے اور ان افراد کو معاشرے کا اہم اور کار آمد فرد بنانے کے لئے گلگت بلتستان حکومت ہر قسم کا تعاون اور ضروری اقدامات کریگی۔حال ہی میں وفاقی حکومت کی جانب سے منظور شدہ اسامیوں میں معزور افراد کے لیے محکمہ تعلیم اور دیگر محکموں میں نشستیں مخصوص کی جائے گی اور صوبائی حکومت سپیشل پرسنز کے مسائل کے حل کے لئے دیگر محکموں کے لئے بھی یکساں فارمولا طے کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ صحت مند لوگ نعمتوں سے محروم طبقے کی مدد کے لئے آگے آئیں اور انہی نعمتوں کی عطائیگی اللہ تعالیٰ کی طرف سے امتحان سمجھیں۔