وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور کے اسلام پورہ یونٹ کی جانب سے عظمت و تکریم شہداء ِ مکتب اہلبیت علیہ السّلام کو خراج عقیدت پیش کرنے کے سلسلہ میں کانفرنس اور قرآن خوانی کا انعقاد کیا گیا جس میں محترمہ حنا تقوی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محترمہ عظمیٰ نقوی، کابینہ ممبران اور یونٹ اراکین سمیت کثیر تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک و قرآن خوانی سے کیا گیا۔فرائض ِ نظامت و منقبت خوانی محترمہ عظمیٰ نقوی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور نے ادا کئے۔
راہ ِ حق پر اپنی جانیں نچھاور کرنے والے شہداء مکتب اہلبیت علیہ السّلام کی قربانیوں سے متعلق خصوصی خطاب کرتے ہوئے محترمہ حنا تقوی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور کا کہنا تھا کہ شہدائے انقلاب کے لیے ذاتِ سید الشہداء علیہ السلام چراغِ نور و ہدایت ہے۔ امام حسین علیہ السلام کو سید الشہداء اور بقیہ شہدائے کربلا کو تاریخ شہداء کا سردار کہا جاتا ہے جو سب سے عظیم اور سب سے برتر ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ کربلا کا سب سے پہلا سبق دین اور خدا کی راہ میں فدا ہو جانا ہے ۔ امام عالی مقام نے تمام مسلمانوں بلکہ تمام عالم بشریت ، تمام آزاد منش افراد چاہے وہ مسلمان ہوں یا غیر مسلم ، کو یہ درس دیا کہ اگر انسان کا شرف ، اس کی آزادی اور استقلال ، انسانی اقدار اور مسلمانوں کا دین خطرے میں پڑ جائے تو سخت حالات میں بھی دین کا دفاع ایک اسلامی اور انسانی فریضہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مکتب تشیع سے تعلق رکھنے والے ہمارے تمام شہداء بالخصوص شہید عارف حسین الحسینی، شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی اور شہید قاسم کی زندگیاں اسی درسِ کربلا کا عملی مظاہرہ پیش کرتی نظر آتی ہیں۔ یہ زمانہ عصر تحریک اور عصر انقلاب ہے اور مومن کے لیے ذاتِ حسین ابن علی علیہ السّلام ایک ماہتاب عالم تاب ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شہدائے انقلاب و مکتب اہلبیت علیہ السّلام نے اپنی زندگیاں عالمی و طاغوتی استعمار کی سازشوں کیخلاف اور محروم و مظلوم طبقات کے حقوق کیلئے جدوجہد میں صرف کر دی ہمیں چاہئے کہ ہم اپنے شہداء کی زندگیوں کا روشن فکری کیساتھ مطالعہ کریں اور ان کے نقش قدم پر چلنے کی کوشش کریں۔
آخر میں محترمہ حنا تقوی نے محترمہ روبی سیکرٹری شعبہ مالیات اسلام پورہ یونٹ اور محترمہ شہزادی کی اس عظیم اور کامیاب کانفرنس کے انعقاد کے لیے تمام کاوشوں کو سراہتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔