وحدت نیوز(لاہور) پشاور کی جامعہ مسجد میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع ۔قراردادمجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکریٹری جنرل اور رکن پنجاب اسمبلی زہرا نقوی نے جمع کروائی۔
قرار داد کے متن میں کہا گیا کہ پنجاب کا یہ مقدس ایوان پشاور کے قصہ خوانی بازار کے علاقے کوچہ رسالدار کی جامع مسجد میں خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مربوط پالیسی تشکیل دی جائے واقع کی تحقیقات کر کے قوم کے سامنے لائی جائے۔ذمہ داران کو قرارواقعی سزا دی جائے تاکہ ایسے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں ۔
متن میں کہا گیا کہ نیشنل ایکشن پلان اور صوبائی حکومتوں کے کردار کے بغیر دہشت گردی کی جنگ جیتی نہیں جا سکتی ،اس لئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں سر جوڑ کر بیٹھیں اور دہشت گردی کے خلاف موثر اقدامات کرنے کے لئے واضح پالیسی اپنائیں ۔اس سلسلہ میں اگر دہشت گردی میں بیرونی ہاتھ کی ملوث ہونے کی بھی تصدیق ہوتی ہے ،جس ملک کی قوتیں اس میں ملوث پائی جاتی ہیں اُن سے بھرپور احتجاج کیا جائے
متن میں مزید کہا گیا کہ اقوام عالم میں اس مسئلے کو اُٹھایا جائے تاکہ وہ اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں ،ان قوتوں کے خلاف سفارتی ہتھیار استعمال کرتے ہوئے خطے میں امن وامان کو یقینی بنایا جا سکے ۔یہ ایوان واقع میں شہید ہونے والوں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعاگو ہے ،اللہ تعالیٰ شہدا کی مغفرت فرمائے اور اُن کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔