وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل و رکن پنجاب اسمبلی محترمہ سیدہ زہرا نقوی نے تئیس مارچ یوم قرارد پاکستان کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ برصغیر کے مسلمانوں نے فکر ِاقبال کی روشنی اور قائد اعظم کی قیادت میں دو قومی نظریہ کی بنیاد پر کامیاب جدوجہد کے نتیجہ میں پاکستان جیسا عظیم ملک حاصل کیا جو مسلمانوں کی قربانیوں کا ثمر اور اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے انہوں نے کہا کہ نظریہ پاکستان ہماری پہچان اور اساس ہے اور اس کی بقا اور سلامتی صرف اسی صورت ممکن ہے کہ نوجوان نسل کو اس نظریے کی بنیاد سے متعارف کروایا جائے یہ ذمہ داری والدین اور اساتذہ کی ہے کہ وہ اپنے بچوں اور شاگردان کو اس نظریے سے آگاہی دیں اپنے اسلاف کی جدوجہد اور عظیم قربانیوں کی تاریخ بیان کریں ان کا کہنا تھا کہ وطن عزیز ان دنوں بدترین بحران اور سنگین ترین حالات سے دوچار ہے ، مہنگائ ، سیاسی بحران ، دہشت گردی ،ٹارگٹ کلنگ جیسے عوامل ملک کی ساکھ کو خراب اور اسکی بنیادوں کو کمزور کر رہے ہیں حکمران اور عوام جب تک مل کر ان درپیش چیلنجز کا مقابلہ نہ کریں ان مسائل پر قابو پانا نا ممکن ہوگا ان کا کہنا تھا آج یوم قرارداد پاکستان کے موقع پر ہر پاکستانی کو خود سے یہ عہد کرنا ہوگا کہ فقیدالمثال قربانیوں سے حاصل کردہ اس وطن کی سالمیت پرآنچ نہیں آنے دیں گے ہمارے بڑوں نے قیام پا کستان کے وقت جو خواب دیکھے تھے ،اس میں حقیقت کا رنگ بھر نے کے لیے قوم کو متحد ہوکر اپنا قبلہ درست کرنا ہوگا ،ملک کو بدحالی کی دلدل سے نکال کر خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں خلوص نیت سے جدوجہد کرنی ہوگی۔