وحدت نیوز(لاہور) یوم تکبیر کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی صدر و رکن پنجاب اسمبلی محترمہ سیدہ زہرا نقوی نے کہا کہ اس وقت پاکستان کا دفاع اللہ کے فضل سے ناقابل تسخیر ہے۔ 28 مئی کا دن برصغیر اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے لئے انتہائی مبارک دن ہے اور وہ پہاڑ جہاں یہ دھماکے ہوئے وہ پاکستان کی شان و شوکت اور عظمت کے گواہ ہیں اور اللہ کی ثنا اور تکبیر کا نعرہ بلند کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا ایک اسلامی ایٹمی قوت بھارت امریکا اور زیادہ تر مغربی ممالک کے لیے ہمیشہ سے گلے کی ہڈی کی طرح ہے جسے وہ اندرونی اور بیرونی منظم سازشوں کے ذریعے کمزور کرنا چاہتے ہیں’یومِ تکبیر‘ جہاں پاکستانی قوم کے بے مثال جرات اور بہادری کی علامت ہے وہاں پاکستان کے دشمنوں اور بد خواہوں کے لیے بھی یہ پیغام ہے کہ پاکستان کے خلاف جارحیت کا مظاہرہ کرنے والوں کاانجام عبرت ناک ہوگا ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک عظیم جوہری طاقت بننے اور بے مثال کارنامہ انجام دینے پر ڈاکٹر عبدالقدیر خان مرحوم اور افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں پروردگار وطن عزیز کو ایک عظیم اسلامی ، فلاحی اور خودمختار ریاست بنانے میں ہمارا مددگار ہو۔آمین