وحدت نیوز(لاہور)چھ ستمبر یوم دفاع پاکستان کے موقع پر مرکزی صدر مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین سیدہ معصومہ نقوی کا کہنا تھا کہ اس لا مساوی جنگ میں پاکستانی افواج نے اپنی سرحدوں کا بھرپور دفاع کیا اور بھارت کو اس سترہ روزہ جنگ میں وہ عبرتناک شکست دی کہ آج آدھی صدی گزرنے کے باوجود اس شکست فاش کی یاد سے دشمن کے دل کانپ جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا ۶۵ کی جنگ میں پاکستانی افواج کے کارنامے،عزم و ہمت ، جوش و جذبہ او بہادری و شجاعت کی داستانیں سن کر دنیا آج بھی انگشت بدندان ہے اس معرکے میں پاکستانی عوام اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ، پاکستان کی غیور عوام نے جنگ کی وحشت و دہشت کو ایسا رنگ دیا جس میں جوش و ولولہ اور بہادری نمایای تھی ۔
انہوں نے کہا چھ ستمبر کا یہ دن شھیدوں اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے چاہے وہ افواج پاکستان کے شھداء ہوں یا اے پی ایس کے معصوم شھید بچے ، یا پھر وہ 80 ہزار پاکستانی جو بے گناہ قتل کر دیے گئے یا اعتزاز حسن جیسے جوان جنھوں نے اپنی جان گنوا کر ہزاروں جانیں بچا لی ہوں ان سب شھداء کو یاد رکھنا اور ان کی ارواح سے عہد کرنا کہ مادر وطن کے دفاع مقدس میں ہم بھی کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہ کرینگے اور اپنے شھداء کی یاد کو ہمیشہ زندہ رکھینگے کیونکہ زندہ قومیں اپنے شھداء کو کبھی نہیں فراموش کرتیں۔
ان کا مزید کہنا تھا یوم دفاع ہمیں ماضی کی طرح مثالی اتحاد و یکجہتی کا بھی پیغام دیتا ہے ، جسطرح ۶۵ کی جنگ میں قوم یکجاں تھی آج بھی ہمیں ملکر ایک قوم بننے کے ضرورت ہے اسی میں ہم سب کی اور ہمارے ملک کی بقا ہے۔