وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کے ایک روزہ مرکزی تنظیمی و تربیتی اجلاس کی صدارت کر تے ہو ئے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ ناصرعباس جعفری نے کہاکہ زینبی(س)کردار کی حامل خواتین مجلس وحدت مسلمین کا توانا بازو ہیں پوری تاریخ میں اسلامی تحریکوں میں انقلابی خواتین نے قربانیاں دیکر حق کے پرچم کو سر بلند رکھا ہے انہوں نے خواتین کے انقلابی کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا انقلاب اسلامی ایران کی کامیابی میں خواتین نے اہم کردار ادا کیا اور آٹھ سالہ مسلط کردہ جنگ میں خواتین نے ایثار اور قربانیوں کے ایسے عظیم نمونے دنیا کے سامنے پیش کیے جو اپنی مثال آپ ہیں ۔انہوں نے مزید کہاحزب اللہ کی خواتین نے اسرائیل کو شکست اور ذلت سے دچار کیا ہے ۔بلکہ انہوں نے اپنے بیٹوں ، بھائیوں اور شوہروں کو قربان کر کے لبنان کوہمیشہ کے لئے اسرائیل کے شر سے محفوظ بنایاہے ۔
علامہ ناصر عباس جعفری نیاجلاس میں شریک خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری خواتین بھی ایرانی اور لبنانی خواتین سے کسی طرح بھی کم نہیں ہیں ، انہوں نے بھی قربانیاں دینے کا جذبہ موجود ہے جو انہوں نے کربلا سے سیکھا ہے۔علامہ ناصر عباس جعفری نے مجلس وحدت مسلمین کے ممبران اور مسولین سے بھی گزارش کی ہے کہ وہ بھی شعبہ خواتین کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں ، مجلس وحدت کے تمام صوبائی اور ضلعی مسؤلین کو اس مہم میں خواتین کا ساتھ دینے کی ہدایت کی ۔اس اجلاس سے شعبہ خواتین مجلس وحدت مسلمین کی مرکزی کوآرڈینیٹر خانم زہرا نقوی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ : اس مشکل گھڑی میں جب ہماری ملت پر روزانہ شب خون مارا جا رہا ہے اور روز ہماری مساجد ، امام بارگاہوں پر حملے ہو رہے ہیں اور سینکڑوں شیعیان علی (ع)کو شہید کیا جا رہا ہے اور ملک میں دہشت گردوں کا راج ہے ۔ اور ملت کے جوانوں کو بے گناہ اسیر کیا جا رہا ہے ،شعبہ خواتین کو مضبوط کر کے فعال کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اپنے بھائیوں کی پشتبانی کرتے ہوئے انکی اس عظیم انقلابی اور الہی جدو جہد میں ان کے برابر کی شریک رہیں۔انہوں نے اس بات کا بھی عزم کیا کہ ملت کی مستضعف خواتین کو اوپر لا کر انہیں ملت کا مضبوط بازو بنائیں گے ۔ انہوں نے بھی مجلس وحدت کے مسولین اور کارکنان سے اپیل کی کہ شعبہ خواتین کی مضبوطی کیلئے ان کا ساتھ دیں اور اپنے گھر کی خواتین کو بھی اس شعبے سے منسلک کرتے ہوئے اپنے ضلعوں سے موثر خواتین کی لسٹ فراہم کرنے میں ان کی مدد کریں ۔
اس مرکزی اجلاس سے شعبہ سیاسیات کے مرکزی سیکریٹری جناب ناصر عباس شیرازی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی بگڑی ہوئی صورتحال اور تشیع پر یزیدی طاقتوں کے بڑھتے ہوئے حملوں کے مقابلے میں مجلس وحدت مسلمین اپنے الہی اور انسانی فریضے کو ادا کر رہی ہے اور اس مشکل وقت میں شعبہ خواتین کا از سر نو فعال ہونا خوش آئند ہے ۔شعبہ تربیت کے مرکزی سیکرٹری مولانا احمداقبال رضوی نے اسلامی تنظیم کے کارکن کی خصوصیات اور اخلاق پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک اسلامی تنظیم کے کارکن میں اخلاص ،بصیرت اور ایمان کا ہونا ناگزیر ہے انہوں نے مزید کہامجلس وحدت مسلمین ایک عام سیکولر یا لبرل جماعت نہیں بلکہ اس کا منشور اور اغراض و مقاصد اسلامی اور الہی ہیں لہذا ہمیں بھی انہیں اسلامی و الہی اقدار کا حامل ہونا چاہیے ۔